سعودی عرب پاکستان کو اپنا اہم تجارتی پارٹنر سمجھتا ہے، عبداللہ مرذوق الزاہرانی

پیر 7 مارچ 2016 18:24

سعودی عرب پاکستان کو اپنا اہم تجارتی پارٹنر سمجھتا ہے، عبداللہ مرذوق ..

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر عبداللہ مرذوق الزاہرانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کو اپنا اہم تجارتی پارٹنر سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کر نے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے چیمبر کے صدر عاطف اکرام شیخ کی قیادت پیر کو یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید ، افتخار اور تنویر افسر ملک بھی شامل تھے۔ سعودی عرب سفیر نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری کیلئے سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں اور وہ اپنی مصنوعات کو عالمی معیار کے مطابق تیار کر کے سعودی عرب کے ساتھ برآمدات کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز قائم کرنے میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر سٹیل اور فوڈ پراسسنگ کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان جوائنٹ وینچرز کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کرنے اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کرنے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے دوطرفہ تجارت مزید بہتر ہو گی ۔

انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ان کا سفارتخانہ پاکستان کی تاجر برادری کو سعودی عرب میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے میں ہر ممکن تعاون کرے گا اور دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری و تجارت کے مواقعوں کے بارے میں بھی تاجر برادری کو آگاہ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا تا کہ باہمی تجارت کو مزید بہتر کر کے مثبت نتائج حاصل کئے جا سکیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر شیخ پروز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیکسٹائلز، چاول، گوشت، مچھلی، مصالحہ جات اور فوڈ و سبزیوں سمیت چند مصنوعات سعودی عرب کو برآمد کرتا ہے تاہم پاکستان کی اعلیٰ معیار کی ادویات، سیمنٹ ، سٹیل اور متعدد دیگر مصنوعات کو سعودی عرب برآمد کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ دیں کیونکہ کوئلہ، پانی اور گیس سے بجلی پیدا کرنے کے علاوہ تیل و گیس، پیٹروکیمیکلز، ٹیکسٹائلز، بینکنگ و فنانشل سروسز، کھاد کی پیداوار، جیمز اینڈ جیولری، لائٹ انجینئرنگ، فرنیچر، فوڈ اینڈ فروٹ پراسسنگ، پیکجنگ، لائیو سٹاک، ڈیری فارمنگ، فیشریز اور انفراسٹریکچر کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے متعدد شعبوں میں سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کیلئے عمدہ مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی ترغیب دی جائے تا کہ وہ یہاں موجود سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے تعمیرات کے شعبے میں چند بڑے منصوبے شروع کر رکھے ہیں لہذا وہ پاکستان سے سٹیل، سیمنٹ اور ماربل سمیت تعمیراتی شعبے کی دیگر مصنوعات درآمد کرنے پر توجہ دے۔

متعلقہ عنوان :