تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے آخری حد تک جائیں گے،حمزہ شہباز

پیر 7 مارچ 2016 18:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 مارچ۔2016ء ایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ یہ معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی اور معاشی ترقی میں ان کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے سابق صدر اور مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ پنجاب کے صدر محمد علی میاں سے خصوصی ملاقات کے موقع کیا۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت انفراسٹرکچر کی بہتری اور توانائی کے بحران کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے جس کے مثبت نتائج نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں وہ ملک کو پسماندگی میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چائنا پاکستان اکنامک کاریڈور کی تکمیل ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہوگی ، اس منصوبے کی کامیابی میں تاجر برادری کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

محمد علی میاں نے کہا کہ تاجر برادری معاشی بحالی کے لیے پنجاب حکومت کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور معیشت کے وسیع تر مفاد میں حکومت سے ہر ممکن تعاون کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہورہا ہے جبکہ غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھ رہا ہے، چین پاکستان اکنامک کاریڈور ایک بہت بڑا منصوبہ ہے جو پاکستان کو تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنا دے گا

متعلقہ عنوان :