محنت کشوں و مزدوروں کے لئے جاری تعمیراتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت یقینی بنائی جائے،راجہ اشفاق سرور

لیبر کالونی وار برٹن کا 80فیصداورلیبر کالونی ملتان کا 40فیصد کا م مکمل ،دیگر منصوبوں پر کام تیزی سے جاری

پیر 7 مارچ 2016 18:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 مارچ۔2016ء صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ (PWWB) کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ صنعتی کارکنوں و مزدوروں اور ان کے اہلخانہ کے لئے رہائش ،تعلیم و دیگر ضروریات زندگی پر مشتمل ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے نیز تمام پراجیکٹس مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں-انہوں نے یہ بات آج اس حوالے سے منعقد ہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ شاہد زمان لک اور ڈائریکٹر ورکس محمد مظہر نے صوبائی وزیرمحنت کو بورڈ کے تحت جاری تعمیراتی منصوبوں پر جاری پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لیبر کالونی وار برٹن پر گزشتہ ماہ تک 80فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ،منصوبے کی مجموعی لاگت 926.126ملین روپے ہے جبکہ اس میں 208کثیر المنزلہ فلیٹس ،بچوں اور بچیوں کے لئے الگ الگ ہائر سیکنڈری سکول ،کمیونٹی سنٹر،مسجد اور دیگر سہولیات شامل ہیں -انہوں نے بتایا کہ 3017.847ملین روپے کی مجموعی لاگت سے لیبر کالونی ملتان کے منصوبے کا 40فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ،منصوبے میں 992فلیٹس ،لڑکے لڑکیوں کے لئے سکولز و دیگر سہولیات شامل ہیں -اسی طرح ورکرز ویلفیئر گرلز سکول ڈنڈوت کا 46.781ملین روپے کا منصوبہ جس میں 2سو طالبات کے لئے پانچ کلاس رومز ،لیبارٹری و دیگر سہولیات شامل ہیں،کا 80فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ ورکرز ویلفیئر پرائمری سکول شیر بنگال کالونی میں 15سو طالبات کے لئے 50کلاس رومز ،آرٹ روم ،لائبریری ،کمپیوٹر روم اور دیگر سہولیات پر مبنی مصوبے کا مجموعی حجم 185.46ملین روپے ہے جس کا 70فیصد کا م مکمل کیا جا چکا ہے -وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے جاری تعمیراتی منصوبوں میں کام کی رفتارپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کہ زیر تعمیر لیبر کالونیز میں پینے کے صاف پانی ،نکاس آب او ردیگر بنیاد ی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے-

متعلقہ عنوان :