مسلم لیگ (ق) میں کسی کے آنے اور جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ،اسد جونیجو

پیر 7 مارچ 2016 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر اسد جونیجو نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں اتارچڑھاوٴ آتا رہتا ہے لیکن عوام کے ساتھ رابطے میں رہنے والی جماعتیں کبھی ختم نہیں ہوتیں ۔مسلم لیگ (ق) میں کسی کے آنے اور جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔سندھ بھر میں پارٹی کی ازسر نو تنظیم سازی کی جائے گی اور جلد عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی رہائش گاہ پر پارٹی کے ڈویژنل آرگنائزرز کا اعلان کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ق) سندھ کے سیکرٹری جنرل طارق حسن بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی قیادت کی ہدایت پر صوبے بھر میں پارٹی کی تنظیم نو کی جارہی ہے اور فی الحال تنظیم سازی کے لیے ڈویژنل آگنائزرز مقرر کردیئے گئے ہیں جو دو ماہ میں یونین کمیٹیوں سے لے کر ضلعی اور ڈویژنل سطح پر پارٹی کی تنظیم سازی کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے تحت رکنیت سازی اور عوامی رابطہ مہم بھی چلائی جائے گی ۔انہوں نے ڈویژنل آرگنائزرز کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ڈویژن کے لیے کنور ارشد ،نعمت خلجی ،حیدرآباد ڈویژن کے لیے چوہدری مظہر الحق ،ناصر شیخ ،سکھر ڈویژن کے لیے عطاء اللہ قریشی ،قربان جعفری ،میرپور خاص ڈویژن کے لیے جعفر جونیجو ،امین میمن ،لاڑکانہ ڈویژن کے لیے بابو سرور سیال ،ڈاکٹرنبی بلیدی اور ممتاز پنہور ،لیڈیز ونگ کے لیے سیمیں صدیقی ،لیبر ونگ کے لیے ممتاز ابڑو اور فرحان جونیجو ،اقلیتی امور کے لیے روپ چند اور پاسٹر احمد بھٹی جبکہ محمد علی جعفری کو میڈیا ترجمان بنایا گیا ہے ۔

اس موقع پر طارق حسن نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت نیب اور احتساب کے اداروں سے متعلق کیوں شور مچارہی ہیں ۔اگر انہوں نے کرپشن نہیں کی ہے تو وہ خود کو احتساب کے لیے پیش کریں ۔شور مچانے کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے ۔طارق حسن نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے ایماندار قیادت کی ضرورت ہے ۔ہم نے اور مصطفی کمال نے کراچی کی ترقی کے لیے جو کام کرائے تھے کہ وہ سندھ حکومت کی عدم دلچسپی کے سبب زبوں حالی کا شکار ہیں ۔انہوں نے مصطفی کمال کی نئی پارٹی کے حوالے سے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ۔

متعلقہ عنوان :