اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے جوڈیشل ورک اور عدالتی مقدمات کو نمٹانے کی رفتار تیز کرنے کو یقینی بنانے، محکمہ مال اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کڑی نگرانی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

پیر 7 مارچ 2016 16:29

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کی طرف سے جوڈیشل ورک اور عدالتی مقدمات کو نمٹانے کی رفتار تیز کرنے کو یقینی بنانے اور محکمہ مال اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے کڑی نگرانی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس کے دوران کیا جس میں محکمہ مال اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی کارکردگی اور ملاوٹ شدہ اشیائے خوردونوش کے خلاف جاری مہمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دیہی، اسسٹنٹ کمشنر صاحبان، سیکریٹری اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آئی ٹی اے)، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ، ڈپٹی ڈائریکٹر اوقاف، تحصیلدار، نائب تحصیلدار صاحبان اور مجسٹریٹ حضرات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ مال اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دونوں اہم شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ سائلین کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شعبوں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے مقامی اور خصوصی قوانین کے اطلاق کو یقینی بناتے ہوئے ملاوٹ، گرانفروشی، مضر صحت اشیاء کی فروخت کی روک تھام کے لئے جاری مہموں کے دائرہ کار کو پورے اسلام آباد تک وسعت دینے اور خلاف ورزیوں کے مرتکب افراد کو زیادہ سے زیادہ سزائیں اور جرمانے کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :