جماعت اہل حدیث کے رہنماؤں کی شب قدر کچہری دھماکہ کی مذمت ، جانی نقصان اظہار افسوس

پیر 7 مارچ 2016 16:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی،سیکرٹری جنرل مولانا پروفیسر عبدالمجید، مرکزی رہنما مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا عبدالوحید روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر ، شاہد محمود جانباز سمیت دیگر ذمہ داران نے پشاور شب قدر کچہری میں دھماکہ کی شدید مذمت اور سانحہ میں ہونیوالے جانی نقصان پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امیر جماعت اہلحدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا ہے کہ حکمران و سیاستدان الزامات پر مبنی سیاست کی بجائے عوام کے تحفظ کو ترجیح دیں۔ ملک پاکستان کسی بھی طرح انتقامی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حساس ترین مقام پر تخریبی کارروائی حکومت سمیت دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

سیاستدان اقتدار کی لڑائی لڑنے کی بجائے ملک و قوم کے مال و جان کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔ حالیہ دہشتگردی کا مقصد ملک میں بد امنی ، عوام میں خوف و ہراس اور کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ابتر صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم میاں نواز شریف کو جلد سے جلد مستحکم اور فول پروف پالیسیاں وضع کرنا ہوں گی۔

مولانا عبدالوہاب روپڑی اور مولانا شکیل الرحمن ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کی جتنی مذمت بھی کی جائے کم ہے۔ خیبر پختونخواہ حکومت جلد سے جلد معاملہ کی شفاف تحقیقات کروا کر افسوسناک واقعہ میں ملوث خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب کرے اور کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات پر خاموشی مجرموں کے حوصلے بڑھا رہی ہے۔

سیاسی و عسکری قیادت جلد سے جلد گھناؤنے واقعات میں ملوث مجرموں کو گرفتار کرے اور آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں اور دہشتگردی کے واقعات کیخلاف کارروائی میں عدم دلچسپی کے باعث مجرموں کے حوصلے بڑھے اور ملک میں بڑے پیمانے معصوم اور بے گناہ لوگوں کی جانوں سے خونی کھیل کھیلا جا رہا ہے۔میاں نواز شریف وقت کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے عوام کے بنیادی مسائل اور دہشت گردی کی روک تھام کے لئے اقدامات کو ترجیح دیں اور ہنگامی بنیادوں پر عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کریں۔

امیر جماعت اہل حدیث حافظ عبدالغفار روپڑی و دیگر نے سانحہ میں لقمہ اجل بننے والوں کے لواحقین سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم ان کے برابر کے شریک ہیں۔ افسوسناک واقعہ میں جانبر نہ ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :