وزیراعظم محمد نواز شریف شاہ سلمان کی دعوت پر 9 تا 11 مارچ سعودی عرب کا دورہ کریں گے

پیر 7 مارچ 2016 15:30

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف 9 سے 11 مارچ تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ انہیں اس دورہ کی دعوت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود نے دی ہے۔ وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران جاری فوجی مشق نارتھ تھنڈر دیکھیں گے اور اس کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق متعدد سربراہان مملکت و حکومت کو فوجی مشق دیکھنے کے لئے مدعو کیا گیا ہے جس میں پاکستان سمیت 21 ممالک کے فوجی حصہ لے رہے ہیں۔

یہ مشق سعودی عرب کے شمالی علاقہ میں ہو رہی ہے، اس کا بڑا مقصد دہشت گرد گروپوں کے خطرات کے خاتمے کے لئے تربیت میں بہتری لانا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے خوشگوار اور برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد بھائی چارے، باہمی احترام، یکجہتی، تاریخی، ثقافتی و اسلامی اقدار پر ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور انسداد دہشت گردی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون ہے۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور حکومت پاکستان نے سعودی عرب کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی حکام کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان شدت پسندی، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی مسلسل حمایت کرتا ہے اور اس سلسلے میں عالمی برادری سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔