حکومت پنجاب کے بروقت اقدام سے 1لاکھ 20ہزار میٹرک ٹن آلو برآمد ہو چکاہے‘ ڈاکٹر فرخ جاوید

پیر 7 مارچ 2016 15:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ بھارت کی اجناس پر یورپ ،امریکہ اور روس سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں پابندی ہے جبکہ پاکستانی کسانوں کی انتھک محنت اورمحکمہ زراعت کے افسران و عملے کی راہنمائی کے باعث بہتر ین کوالٹی پاکستانی اجناس دنیا بھر میں برآمد کی جارہی ہیں اور طن عزیز کیلئے گراں قدر زرمبادلہ کمایا جا رہا ہے۔

وزیر زراعت نے بتایا کہ رواں سیزن میں اب تک پنجاب سے 1لاکھ20ہزارمیٹرک ٹن سے زائدآلو روس، ملائشیا، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، اومان، کویت، مالدیپ، سنگاپوراورسومالیا کوبرآمد کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام کے باعث کسان کو براہ راست فائدہ پہنچ رہاہے اور لوکل مارکیٹ میںآ لو کی قیمتیں مستحکم ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے بتایا کہ پنجاب کے کاشتکار کی محنت اور لگن کے باعث اور محکمہ زراعت کی ٹیموں کی راہنمائی کی بدولت آلو کی اچھی فصل حاصل ہوئی جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی برآمد کیلئے وفاقی حکومت سے مل کر کوششیں کی گئیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت کا آلو دنیا کے بیشتر ممالک میں بین ہے جبکہ اچھی کوالٹی کے باعث پاکستانی آلو کی دنیا بھر میں مانگ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران متحدہ عرب امارات کو 34483میٹرک ٹن، سری لنکا کو 41283میٹرک ٹن، ملائشیا کو 11231، قطر کو 2977،بحرین کو 18637، اومان کو 6989،کویت کو 1045، مالدیپ کو 191، سنگا پور کو 492، روس کو 875 اور سومالیا کو 59 میٹرک ٹن آلو برآمد کیا جا چکا ہے۔ ڈاکٹرفرخ جاوید نے بتایا کہ پنجاب اس سال تین لاکھ میٹرک ٹن تک آلو برآمد کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں ایکسپورٹرز کو مکمل سہولت فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے آلو کی برآمد پر کسی قسم کی کوئی ڈیوٹی یا ٹیکس نہیں لگایاتاکہ ایسکپورٹ سے مارکیٹ میں توازن لایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار وں کے منافع میں اضافہ ہماری اولین ترجیح ہے اس لئے حکومت ملکی ضرورت سے زیادہ تمام آلو بر آمد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اربوں روپے کے استعمال سے زراعت میں درجنوں منصوبوں پرکام کر رہی ہے جو زرعی معیشت میں بہتری اور کسان بھائیوں کی خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :