قومی ٹینس ٹیم جونیئر ڈیوس کپ میں شرکت کے لئے بدھ کو سری لنکا روانہ ہوگی

پیر 7 مارچ 2016 14:15

قومی ٹینس ٹیم جونیئر ڈیوس کپ میں شرکت کے لئے بدھ کو سری لنکا روانہ ہوگی

اسلام آباد ۔ 07مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء)قومی ٹینس ٹیم جونیئر ڈیوس کپ میں شرکت کے لئے بدھ کو سری لنکا روانہ ہوگی۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی کے مطابق جونیئر ڈیوس کپ 10 مارچ سے سری لنکا کے شہر کولمبومیں شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے زیر اہتمام جونئر ڈیوس کپ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے۔

(جاری ہے)

تربیتی کیمپ میں صاحبزادہ محمد علی، ثاقب خان اور شعیب خان تربیت حاصل کر رہے ہیں اور انہیں معین شاہ جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کیلئے ٹرائلز کے بعد ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے، امید ہے کہ کھلاڑی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بہترین نتائج دیں گے۔ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ بحرین، بنگلہ دیش، بھوٹان، برونائی، ایران، عراق، قزاخستان، لبنان، مالدیپ، نیپال، سعودی عرب، سنگاپور، سری لنکا، شام، تاجکستان، ترکمانستان اور یمن کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اگلے راؤنڈ تک رسائی کیلئے پاکستان کو ٹاپ ٹو ٹیموں پر اختتام کرنا ہو گا۔