ایل این جی کی درآمد سے صنعتیں فعال اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوگی‘ ظہیر بھٹہ

پیر 7 مارچ 2016 13:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ ایل این جی کی درآمد سے 3ہزار سے زائد صنعتیں فعال ہونگی اور صنعتی پہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خلدون جاوید ملک سینئر وائس چیئرمین اور محمد اعظم وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز میں صنعتکاروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ توانائی بحران بجلی و گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے باعث صنعتی سیکٹر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا تھا اورگیس کی بندش کے باعث صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگاری کا شکار تھے ۔انہوں نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کا معاہدہ اور ایل این جی کی ترسیل ،تیل کی قیمتوں میں کمی ،بجلی و گیس بحران پرقابوپانے سے نئے صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا اور روزگار کے وافر مواقع دستیاب ہونے سے ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ قطر سے درآمد شدہ ایل این جی کو سسٹم میں شامل کرنے سے گیس بحران کا خاتمہ ہوگا اور صنعتوں کو وافر گیس کی دستیابی سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا نیز حکومتی برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :