ماہر افرادی قوت کی تیاری کیلئے کوالٹی آف ٹریننگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ عرفان قیصر شیخ

پیر 7 مارچ 2016 13:30

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) ماہر افرادی قوت کی تیاری کیلئے کوالٹی آف ٹریننگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،صوبہ بھر کے نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، بہتر فنی تربیت کی فراہمی نوجوانوں کے مستقبل کو روشن کر دے گی،حکومت پنجاب سکلز سٹریٹیجی کے تحت 2018تک 20لاکھ ہنر مند تیار کرے گی، ٹیوٹا حکومت پنجاب کے دئے گئے5لاکھ 41ہزار ہنر مندوں کی تیاری کا ہدف طے شدہ وقت پرپورا کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے آل پنجاب ڈسٹرکٹ منیجرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،ڈپٹی جنرل منیجر مصطفی کمال پاشا اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔عرفان قیصر شیخ نے اجلاس کے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ منیجرز5 لاکھ 41ہزار کا ہدف پورا کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

قابل روزگارشارٹ کورسز کے تیسرے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے20ہزار بیروزگار نوجوانوں کو ٹیوٹا نے مفت داخلہ دے دیاہے ۔انڈسٹری کی مشاورت سے صوبہ بھر کے منتخب300ٹیوٹا اداروں میں تیسرے مرحلے میں46شارٹ کورسزکا آغاز کیاگیا ہے۔پہلے اور دوسرے مرحلے میں 42ہزار نوجوانوں کو پہلے ہی ٹریننگ دی جا چکی ہے۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے بتایا کہ صوبہ بھر میں فنی تعلیم کافروغ وزیر اعلی پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبہ پنجاب کے بیروزگاروں کو ہنر مند بنانے کیلئے سائنٹفک انداز میں اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

جدید شارٹ کورسز انڈسٹری کی مشاورت سے شروع کئے گئے ہیں۔زیر تربیت افراد کو سفری اخراجات پورا کرنے کیلئے دوران ٹریننگ ایک ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اورتربیت کے متعلقہ میٹریل بھی مفت فراہم کیا جاتا ہے۔زیر تربیت ہنرمندوں کی امتحانی رجسٹریشن فیس کے اخراجات بھی ٹیوٹا خودبرداشت کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :