مردان میں ایجوکیشن کمپلیکس کے لیے 16کنال اراضی مختص

پیر 7 مارچ 2016 13:07

مردان۔07 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سراج محمد کی کوششوں سے مردان میں ایجوکیشن کمپلیکس کے لیے 16کنال اراضی مختص کردی گئی ،ایجوکیشن کمپلیکس کی تعمیر سے محکمہ تعلیم مردان کے تمام دفاتر ایک چھت کے نیچے قائم ہوں گے جن سے محکمہ تعلیم سے وابستہ تمام ملازمین اور خصوصاً اساتذہ کے مسائل احسن طریقے سے حل ہوں گے جبکہ عام لوگوں کی بھی مذکورہ دفاتر تک رسائی آسان ہو جائے گی ۔

تفصیلات کے مطابق مردان میں ایک عرصے سے محکمہ تعلیم مردانہ اور زنانہ کے ضلعی اور تحصیل دفاتر مختلف مقامات پر قائم تھے جس سے ایک طرف مذکورہ دفاتر کے درمیان رابطے کا فقدان تھا جس کی وجہ سے اساتذہ اور دوسرے عملے کو مسائل کا سامنا تھا تو دوسری طرف عوام کوبھی مذکورہ دفاتر میں اپنے مسائل نمٹانے میں مشکلات تھیں۔

(جاری ہے)

موجودہ ڈی ای او سراج محمد نے چارج سنبھالتے ہی دوسرے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کے تمام دفاتر ایک ہی چھت کے نیچے قائم کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا اور اراضی کے حصول کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطے کیے جس کے نتیجے میں مردان جیل کے قریب حکومت نے ایجوکیشن کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 16کنال اراضی مختص کردی ہے۔

جس میں محکمہ تعلیم کے تمام دفاتر کے قیام سے اساتذہ اور دیگر عملے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کی مشکلات میں بھی کمی آئے گی، اس سلسلے میں عوامی اور تعلیمی حلقوں نے ڈی ای او سراج محمد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعلیم کے ایسے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے اور ایجوکیشن کمپلیکس کی تعمیرکا کام جلد شروع کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :