سندھ ہائیکورٹ نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن 14 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 7 مارچ 2016 12:47

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2016ء) : سندھ ہائی کورٹ نے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کی 14 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی۔ تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈ ر سندھ اسمبلی اور ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کی ضمانت 7 روز کے لیے 10، 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی ہے۔ خواجہ اظہار الحسن نے 25 مقدمات میں ضمانت کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی۔

جن میں سے 14 مقدمات میں ان کی ضمانت منظور کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی مختلف عدالتوں نے خواجہ اظہار الحسن کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔ خواجہ اظہار الحسن پر اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت کاری کے الزام میں مقدمات درج ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہم آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں اوراپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم پر بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات ہول سیل ریٹ کے حساب سے بنائے گئے ہیں۔ جنہوں نے چئیر مینن سینیٹ اور صدر کے لیے ووٹ لیے ان کی جانب سے خاموشی ہے، لیکن ہم کراچی کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔