رواں مالی سال کے سات ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 10.39فیصد کا اضافہ

پیر 7 مارچ 2016 11:36

اسلام آباد ۔ 07مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) رواں مالی سال 2015-16ء میں جولائی تا جنوری میں سات ماہ کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 10.39فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی 2015ء تا جنوری 2016ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات کا حجم 43کروڑ 32لاکھ 76ہزار ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال 2014-15ء کے اسی عرصہ کے دوران موبائل فونز کی ملکی درآمدات کا حجم 39کروڑ 24لاکھ93ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق دسمبر 2015ء کے مقابلہ میں جنوری 2016ء کے دوران موبائل فونز کی درآمدات میں 13.37فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور موبائل فونز کی دسمبر 2015ء کی درآمدات 6کروڑ 73لاکھ 15ہزار ڈالر کے مقابلہ میں جنوری 2016ء میں 5کروڑ 82لاکھ 13ہزار ڈالر تک کم ہوگئیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح جنوری 2015ء کے مقابلہ میں جنور ی2016ء کے دوران برآمدات کا حجم میں 29.57فیصد کے اضافہ سے درآمدی بل 4کروڑ 49لاکھ 29ہزار ڈالر تک بڑھ گیا ۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی سات مہینوں میں ٹیلی کام کی مجموعی ملکی درآمدات میں 5.50فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور درآمدات کا حجم 84کروڑ 67لاکھ 13ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 80کروڑ ایک لاکھ 27ہزار ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ دسمبر 2015ء کے مقابلہ میں جنوری 2016ء کے دوران ٹیلی کام کی درآمدات میں بھی 15.72فیصد کی کمی سے درآمدی بل 12کروڑ 43لاکھ ایک ہزار ڈالر کے مقابلہ میں 10کروڑ 47لاکھ 61ہزار ڈالر تک کم ہوگیا ۔ موبائل فونز کی درآمدات کے حجم میں ہونے والی کمی کے باعث قیمتی زرمبادلہ کی بچت سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :