کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ عدم پلاننگ اور بد انتظامی ہے، عارف حسن

پیر 7 مارچ 2016 11:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 مارچ۔2016ء ) اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کے مشیر اور معروف آرکیٹیکٹ وپلانر عارف حسن نے کہا ہے کہ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ عدم پلاننگ اور بد انتظامی ہے جس کی بڑی وجہ شہری اور بلدیاتی حکومت کی عدم موجودگی ہے اور جب تک بااختیار بلدیاتی حکومتوں کا قیام عمل میں نہیں آتا،شہر کے حالات بتدریج بگڑتے رہیں گے۔

جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام لیکچر سیریز ”شہری گورننس ،پیچیدگیاں اورحکمت عملی “ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چنگ چی رکشوں پر پابندی لگانا مسئلے کا حل نہیں بلکہ پلاننگ کے ساتھ ٹریفک کے انتظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ٹرانسپورٹ کا مسئلہ عرصہ درازسے چل رہاہے اور کسی بھی حکومت نے کراچی کے ٹرانسپورٹ مسائل کو حل کرنے اور ماس ٹرانزٹ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں دلچسپی نہیں لی جس کی وجہ سے کراچی کی ٹریفک کا کوئی پرسان حال نہیں۔

(جاری ہے)

لاہور اور دیگر شہروں میں میٹروبس جیسے منصوبوں سے ان شہروں کے ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں، اسی طرح کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لئے ماس ٹرانزٹ منصوبے کی جانب عملی انتظامات ناگزیر ہوگئے ہیں۔اس موقع پر شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی پروفیسر ڈاکٹر غزل خواجہ نے بلدیاتی حکومتوں کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے بااختیار شہری حکومت کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اب مہاجرین کی سرزمین نہیں رہی اس میں ملک کے ہرکونے سے آنے والے شہری موجود ہیں اور اب وہ بھی کراچی کے مستقل شہری بن چکے ہیں اور یہی متنوع حیثیت شہر قائد کی مضبوطی اور ترقی کا مظہر ہے،افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہرسیاسی گروپ نے اس متنوع حیثیت کی منفی تصویر پیش کی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز اب مل کر کراچی کی ترقی اور کوشحالی کی جانب قدم بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :