آفریدی سپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں واپسی کے مخالف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 مارچ 2016 18:04

آفریدی سپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں واپسی ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔6مارچ2016ء ) تجربہ کار آل راؤنڈ ر شاہد آفریدی نے سپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردار سلمان بٹ کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کردی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی میں ٹاپ آرڈر اور بالخصوص اوپننگ جوڑی کی ناکامی سے پریشان سلیکٹرز نے5سال بعد کرکٹ میں واپسی پر قومی ون ڈے کپ میں شاندار کاکردگی دکھانے والے سلمان بٹ کو ورلڈ ٹی ٹونٹی میں احمد شہزاد کا ساتھی اوپنر بنانے کے لیے غور و خوص شروع ہی کیا تھا کہ ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی نے سلمان بٹ کو ٹیم میں شامل کرنے کی مخالفت کردی ، آل راؤنڈر کے خیال میں سابق اوپنر 2010ء میں انگلینڈ میں سامنے آنے والے سپاٹ فکسنگ کیس کے مرکزی کردارتھے جنہوں نے محمد عامر کو بھی سپاٹ فکسنگ کی ترغیب دی تھی اس لیے وہ انہیں اپنی ٹیم میں نہیں دیکھنا چاہتے ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ دو مرتبہ شاہد آفریدی سے اپنے کیے کی معافی مانگ چکے ہیں تاہم آل راؤنڈ تاحال ان کی ٹیم میں واپسی کے مخالف ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ آفرید ی ان کے سینئر ہیں اور وہ ہر ملاقات میں ان سے معافی مانگ چکے ہیں ، وہ قومی ٹیم میں واپسی کے ذہنی طور پر تیار ہیں تاہم انہوں نے زیادہ امیدیں نہیں لگا رکھی ہیں ،حتمی فیصلہ سلیکٹرز کوہی کرنا ہے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق چیئر مین شہریار خان اور گورننگ بورڈ کے رکن نجم سیٹھی پیر کوشاہد آفریدی سے ملاقات میں انہیں سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی کو قبول کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ شاہد آفریدی اسی کیس میں 5سال کی سزا کاٹ کر واپسی کرنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو ٹیم میں شامل کرنے کے لیے سامنے آنے والے کھلاڑیوں میں آگے آگے تھے۔