وزیر اعلی کی ہدایت پر جنرل ہسپتال کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر کیلئے پانچ کروڑ روپے کی منظوری

منصوبے کے تحت عمارت کو آگ لگنے سے محفوظ بنانے کے لئے فائر فائٹنگ سسٹم نصب کیا جائیگا‘مختلف بلاکس میں آسمانی بجلی سے بچاؤ کے آلات بھی لگائے جائیں گے‘16 پبلک باتھ رومز کی تعمیر سمیت پارکنگ ایریا میں ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی‘ پروفیسر خالد محمود

اتوار 6 مارچ 2016 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مارچ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر لاہور جنرل ہسپتال میں صاف ستھرے، آلودگی سے پاک اور حفظان صحت کے مطابق ماحول کی فراہمی کے منصوبے کیلئے حکومت پنجاب نے پانچ کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے - اس رقم سے ہسپتال کی اندرونی سڑکوں کی ازسرنوتعمیر و کشادگی کے علاوہ پارکنگ ایریا اور اطراف میں ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی تا کہ گرد و غباراورآلودگی کا خاتمہ ہو سکے نیز ہسپتال کے مختلف حصوں میں گرین بیلٹس بھی ڈویلپ کئے جائیں گے-یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی- انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی عمارت کو آسمانی بجلی سے محفوظ رکھنے کیلئے لائٹنگ اریسٹرکی تنصیب کے علاوہ آگ لگنے کے کسی بھی ناگہانی واقعہ سے بچنے کے لئے فائر فائٹنگ سسٹم نصب کیا جائے گا- پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ منصوبے کے تحت ہسپتال کے مختلف مقامات پر 16 پبلک باتھ رومز بھی تعمیر کئے جائیں گے- ہسپتال میں گاڑیوں کا داخلی اور خارجی راستہ بھی علیحدہ کر دیا جائے گا تا کہ ہسپتال آنے والے مریضوں اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنے پڑے- پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ وزیر اعلی کے ہیلتھ ویژن کی روشنی میں ایل جی ایچ کو سٹیٹ آف دی آرٹ میں اداروں کو تبدیل کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ یہاں آنے والے بیماروں ، تیمارداروں اور ملازمین کو صاف ستھرا وآلودگی سے پاک ماحول میسر آسکے - اجلاس میں ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد ، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران اور انتظامی ڈاکٹرز موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :