قابل بھروسہ بیٹسمین تیار کر نے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹھوس منصوبہ بندی ، سخت محنت ضروری ،مصباح الحق

اتوار 6 مارچ 2016 12:53

قابل بھروسہ بیٹسمین تیار کر نے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹھوس منصوبہ بندی ..

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مارچ۔2016ء) ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ قابل بھروسہ بیٹسمین تیار کر نے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹھوس منصوبہ بندی اور سخت محنت کی ضرورت ہے ٗ پاکستان سپر لیگ میں زیادہ تر غیر ملکی بیٹسمین کامیاب رہے ٗ آئندہ ایڈیشنز میں ملکی پلیئرز اور ٹیموں کی تعداد بڑھانے سے مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں ٗٹیم اچھا کھیلے گی تو مسائل خود ہی رفو چکر ہونگے۔

برطانوی ویب سائٹ کو ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ہمارے بولرز کا معیار ہمیشہ سے ہی بہتر رہاہے۔ قابل بھروسہ بیٹسمین تیار کرنے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹھوس منصوبہ بندی اور سخت محنت کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں بھی زیادہ تر غیر ملکی بیٹسمین کامیاب رہے، اس ایونٹ کا تسلسل سے انعقاد ہوا تو چند برس میں مسائل کا حل مل سکتا ہے، نوجوان کھلاڑی انٹرنیشنل تجربہ رکھنے والے کرکٹرز کیساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے وہ سب کچھ سیکھ سکتے ہیں جس کا ہماری ڈومیسٹک کرکٹ میں کم موقع ملتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آئندہ ایڈیشنز میں ملکی پلیئرز اور ٹیموں کی تعداد بڑھانے سے مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ مصباح نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل ایشیا کپ ایک اہم ایونٹ تھا جس میں خامیوں کا اندازہ ہوگیا، کھلاڑیوں نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا تو بنگلہ دیش سے کہیں بہتر بھارتی کنڈیشنز میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انھوں نے کہا کہ بورڈ نے دورۂ انگلینڈ کے سخت چیلنج کیلئے تیار رہنے کاکہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عامر کا وہاں اسکینڈل ماضی ہوچکا،پیسر اپنی واپسی کو درست ثابت کرتے ہوئے رویے سے بھی متاثر کررہے ہیں، انگلینڈ میں ان کے حوالے سے ناخوشگوار چیز کی فکر کرنے کے بجائے صرف پرفارمنس پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی،ٹیم اچھا کھیلے گی تو مسائل خود ہی رفو چکر ہونگے، میں بورڈ کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے کھلاڑیوں کی رہنمائی کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

متعلقہ عنوان :