طلباء آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں،چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کا سندھ مدرستہ السلام میں فیکلٹی ممبران و طلباء سے خطاب

اتوار 6 مارچ 2016 11:25

کراچی ۔ 5 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مارچ۔2016ء) چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ طلباء آگے بڑھیں اور ملک کی تقدیر بدلنے اور ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات انہوں نے یہاں ہفتہ کو سندھ مدرستہ السلام یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبران اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ قبل ازیں ایس ایم آئی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے خطبہ استقبالیہ میں یونیورسٹی کے ماضی، حال اور مستقبل کے حوالے سے بنائے گئے پراجیکٹ پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر جسٹس ندیم اختر، جسٹس (ر) آغارفیق، جسٹس (ر) دیدار حسین شاہ اور حامد علی خان نے بھی خطاب کیا۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد بحیثیت قوم ہم نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے باہمی اختلافات بھلا کر مل کر کام کریں توملک کی تقدیر بدل جائے گی اور پاکستان دنیاکے صٖفحہ اول کے ممالک میں شامل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی تاریخ کا بغور جائزہ لیں تو ہم نے اپنی ماضی کی ناکامیوں سے سبق حاصل نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرت نے ہمارے ملک کو کئی نعمتوں سے نوازاہے اور قدرتی وسائل کے لحاظ سے پاکستان عظیم ملک ہے جس میں ایک ہزار کلومیٹر ساحل، دنیاکی بلندترین چھوٹیاں، معدنی وسائل، قدرتی گیس، دریا اور زرخیز زمین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھیں اور ملک کی تقدیربدلیں۔ چیف جسٹس انور ظہیرجمالی نے کہا کہ میں آج اس ادارہ میں مخاطب ہوں جہاں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے تعلیم حاصل کی تھی یہ بات میرے باعث فخرہے۔

متعلقہ عنوان :