کوئٹہ،صوبائی وزیرتعلیم عبدالرحیم زیارتوال کا حالیہ بارشوں سے متاثرشیخان ہائی سکول کادورہ

وزیر تعلیم کا محکمہ تعلیم کے آفیسران ، میٹروپولیٹن کارپویشن اہلکاروں سے رابطہ فوری اقدامات اور مستقل حل کیلئے نکاسی آب کے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایات

ہفتہ 5 مارچ 2016 22:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے شیخان ہائی سکول کا معائنہ کیا جہاں گزشتہ روز شدید بارشوں اور نکاسی آب کی وجہ سے سڑکوں کا پانی سکول کے اندر امتحانی سینٹر میں داخل ہواتھا جس کے باعث طلباء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔صوبائی وزیر کے ہمراہ ایجوکیشن افیسر گل محمد کاکڑ، سکول کے پرنسپل ، سٹاف ممبران ، کونسلر نیاز بڑیچ بھی تھے ۔

صوبائی وزیر کو اس طوفانی بارش کے باعث آنیوالے پانی اور سینٹروں میں پانی بھر جانے اور اس کے بعد کے اقدامات سے بریفنگ دی گئی ۔ انہوں نے سکول کی بلڈنگ ،برساتی نالے ، سڑک اور سکول کے صحن کا بھی دورہ کیا جہاں سکول اور انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ صفائی کے عملے کے کام کا معائنہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سکول انتظامیہ کے فوری اقدامات پر انہیں داد دی جنہوں نے سینٹر کے بچوں کیلئے متبادل جگہ کا انتظام کیا اور نکاسی آب کیلئے صفائی عملے کا انتظام کیا ۔

صوبائی وزیر تعلیم نے اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افیسران ، میٹروپولیٹن کارپویشن اور دیگر ضروری اہلکاروں سے رابطہ کرکے فوری اقدامات اور مستقل حل کیلئے نکاسی آب کے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایات کی ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثاتی واقعات رونماء تو ہوتے ہیں لیکن ہمیں اس کیلئے فوری طور پر تیار رہتے ہوئے اقدامات کرنے ہونگے اور خصوصاً ہمارے تعلیمی اداروں اور طلباء وطالبات کی پڑھائی اور امتحانات میں کسی قسم کا خلل نہیں آنا چاہیے ۔

اس موقع پر انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ افیسران سے اس سلسلے میں ایسے تعلیمی اداروں کے ساتھ پیش آسکنے والے حادثات کیلئے پیشگی منصوبہ بندی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے خصوصی توجہ دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طلباء کی تعلیم ہر چیز سے افضل ہے اس لیئے ایسے واقعات کسی صورت میں بھی ہمارے تعلیمی سلسلے اور طلباء کے امتحانات پر اثر انداز نہیں ہونا چاہیے اس سلسلے میں وہ خود بھی فوری اقدامات کرینگے ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور صوبائی حکومت دن رات اپنے عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے اور اس سلسلے میں کوئی کمزوری اور کوتاہی نہیں کی جائیگی البتہ صرف اور صرف بلاجواز تنقید اورمنفی پروپیگنڈوں کی بجائے مثبت تجاویز اوراس مشترکہ کار خیر میں اور نیک کام میں ہر کسی کی مثبت تجاویز کا نہ صرف خیر مقدم کرینگے بلکہ اس پر عمل پیرا ہونے کو اپنے قومی اور وطنی ذمہ داری سمجھتے ہیں ۔

دریں اثناء صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال اور محکمہ کے افیسران نے اس کے بعد کچلاک ہائی سکول کے امتحانی مرکز اور سام خیل مڈل سکول کا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پر پشتونخوامیپ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری و صوبائی وزیر ترقیات ومنصوبہ بندی ڈاکٹر حامد خان اچکزئی بھی ان کے ہمراہ ہوگئے ۔صوبائی وزیر تعلیم نے امتحانی سینٹرز میں سہولیات کی عدم فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر بہتری کی ہدایت کی اور سکولوں میں پڑھائی کے سلسلے کو فوری شروع کرنے پر زور دیا ۔ غیرحاضر اور لاپرواہ اساتذہ کو اپنے فرائض کی درست ادائیگی پر زور دیتے ہوئے مزید کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا

متعلقہ عنوان :