صدارتی نظام سے فیڈریشن کا خاتمہ ہوجائے گا،عوام نے ہردور میں صداتی نظام کو مسترد کیا ،نثار احمد کھوڑو

مصطفی کمال نے بھی کسی کی ایماء پر صدارتی نظام کا نعرہ لگایا ،کپتان نے مشرف کے ریفرنڈم کی حمایت کرکے گری ہوئی حرکت کی تھی رحمن ملک پارٹی کی اجازت سے اتحادی جماعت ہونے کے ناطے ایم کیو ایم قیادت سے ملتے تھے،پریس ریلیز بنانے کا الزام غلط ہے ،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 5 مارچ 2016 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر سندھ نثار احمدکھوڑو نے کہا ہے کہ صدارتی نظام سے فیڈریشن کا خاتمہ ہوجائے گا ۔ ایوب خان کے دور سے لگنے والے صدارتی نظام کے نعرے کو ہر دور میں عوام نے مسترد کیا ہے ۔مصطفی کمال نے بھی کسی کی ایماء پر صدارتی نظام کا نعرہ لگایا ہے ۔

ماضی میں کپتان نے پرویز مشرف کو شیروانی پہنانے کے لیے اس کے ریفرنڈم کی حمایت کرکے گری ہوئی حرکت کی تھی ۔رحمن ملک پر کسی جماعت کی پریس ریلیز لکھنے اور بنانے کا الزامات غلط ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کومقامی ہوٹل میں ’’نیشنل سینٹر فار ڈسپیوٹ اینڈ ریزولیشن انٹرنیشنل‘‘ کے تحت منعقدہ سیمینار سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ملک میں صدارتی نظام کا تجربہ ہمیشہ ناکام رہا ہے۔پارلیمانی نظام کے خاتمے کا مطلب قیام پاکستان کے لیے اہم کردار ادا کرنے والی اکائیوں یعنی صوبوں کی اہمیت کا خاتمہ ہے ۔ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک میں صدارتی نظام کا تجربہ ناکام ہوچکا ہے ۔کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ ایوب خان کے طرز کے نظام کو دوبارہ ملک میں لایا جائے مگر صدارتی طرز کے کسی بھی نظام کو عوام نے ہر دور میں مسترد کرکے پارلیمانی نظام پر اعتماد کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کپتان نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم کو سپورٹ کرکے گری ہوئی حرکت کی تھی ۔کپتان نے شارٹ کٹ کے چکر میں صدارتی نظام کے خواب دیکھے مگر وہ اپنے مقصد میں ناکام ہوئے ۔پارلیمانی نظام ہی ملک کے مسائل حل کرسکتا ہے اس کی جگہ کوئی دوسرا نظام نہیں لے سکتا ۔انہوں نے کہا کہ رحمن ملک پارٹی کی اجازت سے اتحادی جماعت ہونے کے ناطے ایم کیو ایم قیادت سے ملتے تھے تاہم یہ الزام غلط ہے کہ رحمن ایم کیو ایم کی پریس ریلیز بناتے تھے ایک سیاسی جماعت ہونے کی حیثیت سے ایم کیو ایم اپنی پریس ریلیز خود بناسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :