مصطفی کمال کے الزامات ،حکومت کو سلامتی برقرار رکھنے کیلئے تحقیقات کرنی چاہیے،سردار آصف احمدعلی

ہفتہ 5 مارچ 2016 16:25

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء) سابق وفاقی وزیر داخلہ سردارآصف احمد علی نے کہا ہے کہ سابق ناظم اعلیٰ کراچی مصطفی کمال کی صاف گوئی اورسچائی کے باوجود حکومت کی خاموشی پراسرار معلوم ہوتی ہے،ریاست کو اپنی سلامتی برقرار رکھنے کے لئے تمام الزامات کی بھرپور تحقیقات کرنی چاہئے۔ الزامات کی سیاست سے نظریاتی کارکنوں کو ورغلایا نہیں جاسکتا، ایم کیو ایم پر ماضی میں بھی الزامات کی بوچھاڑ ہوئی لیکن اُس کی مقبولیت میں کوئی خاطرخواہ کمی واقع نہ ہوسکی۔

اِن خیالات کا اظہاراُنہوں نے اوکاڑہ کے صحافیوں سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سردار آصف احمد علی نے کہا کہ ایم کیوایم ہمیشہ الزامات کی زد میں رہی ہے اور اِس کی قیادت ابھی تک اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات سے عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

کچھ تو ایسا ضرور ہے جس پر پارٹی کے اندر سے لوگ بولنے پر مجبور ہیں ۔ریاست کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تمام معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر اَصل نتائج کو سامنے لائے اور عوام کو حقائق سے آگاہ کرے ،کسی پر الزامات لگادینا کوئی مشکل کام نہیں جب تک کہ اُسے ثابت نہ کیا جاسکے ۔

میرے خیال میں مصطفی کمال کی صاف گوئی اور سچائی کے باوجود بھی ایم کیو ایم کے کارکن اپنے قائد سے اُس طرح متنفر نہیں ہونگے جس طرح کہ اُن کا خیال ہے ۔ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے جس کا سندھ کی سیاست میں نمایاں مقام ہے ،کسی ایک شخص کی خاطرپوری پارٹی کو سوالیہ نشان نہیں بنایا جاسکتا۔ آنے والے حالات ثابت کرینگے کہ کون سچاہے اور کون جھوٹاہے ، بحرحال ایم کیوایم کو بھی اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی اپنی تئیں بھی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات ضرور کرنی چاہئیں

متعلقہ عنوان :