ممتازقادری نے ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کیلئے اپنی جان دیکر رہتی دنیا تک اپنے آپ کو امر کرلیا،شہید کی موت قوم کی حیات ہوتی ہے ‘حکومت نے عاشق رسول ؐ کو پھانسی دیکر عالم اسلام میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی ہے

علامہ غلام محمد چشتی گولڑوی کاممتاز حسین قادری کے رسم قل کے حوالے سے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب

جمعہ 4 مارچ 2016 18:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء)ممتاز عالم دین علامہ غلام محمد چشتی گولڑوی کاممتاز حسین قادری نے کہا ہے کہ ممتازقادری نے ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کیلئے اپنی جان دیکر رہتی دنیا تک اپنے آپ کو امر کرلیا،شہید کی موت قوم کی حیات ہوتی ہے موجودہ حکومت نے ایک عاشق رسول ؐ کو پھانسی دیکر عالم اسلام میں پاکستان کی جگ ہنسائی کی ہے،ممتاز قادری کے چاہنے والے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن جیسی جماعت کو ووٹ کسی صورت نہیں دینگے ۔

وہ جمعہ کو یہاں عثمانیہ مسجد ،ڈھیری حسن آباد راولپنڈی میں ممتاز حسین قادری کے رسم قل کے حوالے سے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر علامہ مفتی مسعود قادری،علامہ ابراررضوی،مفتی منیر سلطانپوری،علامہ محمدصدیق ضیائی،علامہ کامران اسلم،علامہ عبدالرؤف سلطانی،علامہ فیاض سلطانی علامہ کامران اختر صدیقی،آصف عطاری،مقصود علی قادری،راجہ عرفان امتیاز ،ریاض ساقی ودیگر بھی موجود تھے،علماء کرائم کا کہنا تھا کہ آئندہ مسلم لیگ ن کو ووٹ نہیں دینگے کیونکہ اس جماعت نے ایک عاشق رسول ؐ کو تختہ دارپر لٹکا کرشہید کردیا ممتازحسین قادری ایک سچا عاشق رسول تھا اور لیاقت باغ راولپنڈی میں اس کا ہونے والا تاریخ ساز جنازہ جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی یہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلمان محمدؐ سے کتنا عشق کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

تقریب میں کے آخر میں علمائے کرائم و شرکاء تقریب نے دعائے خیر کی۔