ملک میں مردم شماری ستمبر سے قبل ہونے کی توقع ہے، آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلہ کی تکمیل کے بعد مردم شماری ملک بھر میں بیک وقت کرائی جائے گی، مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 25 مارچ کو ہو گا، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے وفاق کی جانب سے نیٹ ہائیڈل منافع کے معاملہ کو حل کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیاہے ، بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ کی اے پی پی سے خصوصی بات چیت

جمعہ 4 مارچ 2016 14:43

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مارچ۔2016ء) بین الصوبائی رابطہ کے وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ ملک میں بیک وقت مردم شماری ستمبر سے قبل ہونے کی توقع ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلہ کی تکمیل کے بعد مردم شماری ملک بھر میں بیک وقت کرائی جائے گی، مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 25 مارچ کو ہو گا، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے وفاق کی جانب سے نیٹ ہائیڈل منافع کے معاملہ کو حل کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پر عملدرآمد پر زور دیا۔

جمعہ کو یہاں ”اے پی پی“ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ مردم شماری کو آپریشن ضرب عضب کے آخری مرحلے میں شوال آپریشن کی وجہ سے فوج کی عدم دستیابی کے باعث فی الوقت ملتوی کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شوال آپریشن کی تکمیل کے بعد ملک بھر میں ایک ہی بار مردم شماری کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر سے قبل ملک میں مردم شماری متوقع ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار مردم شماری کرانے کا ایک موقف سامنے آیا تھا تاہم اقوام متحدہ کے عالمی تقاضوں کے مطابق مردم شماری ملک بھر میں ایک ہی وقت میں ہونی چاہئے۔ فوج کی ستمبر سے قبل دستیابی کی توقع ہے اور شوال آپریشن بھی بخوبی مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے بل کا مسودہ بھی گزشتہ اجلاس میں منظور کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کچھی کینال میں مبینہ بے قاعدگیوں کا معاملہ بھی دیکھا گیا جبکہ کونسل کو بتایا گیا کہ اس معاملے پر ایک اخباری خبر کی بنیاد پر نیب کی جانب سے سوموٹو ایکشن لیا گیا ہے۔ ریاض پیرزادہ نے بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا آئندہ اجلاس 25 مارچ کو چیئرمین وزیراعظم محمد نوازشریف کی صدارت میں ہو گا۔ اجلاس میں قومی فلڈ پروٹیکشن پلان کے یک نکاتی ایجنڈے پر غور ہو گا۔

ریاض پیرزادہ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں پانی کے خالص منافع کے معاملہ کو حل کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وزیراعظم اور وفاق کا شکریہ ادا کیا جبکہ اس پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بھی اس موقع پر پنجاب کے بقایا جات کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا جس پر انہیں غور کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وفاق کی جانب سے فوج کی آپریشن ضرب عضب میں مصروفیات کی وجہ سے وقتی طور پر مردم شماری کو ملتوی کرنے کی تجویز دی گئی جس سے چاروں صوبوں نے اتفاق کیا تاہم ستمبر سے قبل ملک بھر میں ایک ہی وقت میں مردم شماری متوقع ہے۔