حکومت شیل گیس کی تلاش کیلئے بھرپور وسائل استعمال کر رہی ہے‘ شیل گیس اور شیل آئل پالیسی کا اعلان کیا جائے گا

وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا سینیٹ میں جواب

جمعہ 4 مارچ 2016 14:38

اسلام آباد ۔4 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مارچ۔2016ء) سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ حکومت شیل گیس کی تلاش کیلئے بھرپور وسائل استعمال کر رہی ہے‘ اس سلسلے میں شیل گیس اور شیل آئل کی پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر طاہر حسین مشہدی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یو ایس انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی رپورٹ کے مطابق لوئر انڈس بیسن میں شیل گیس کے 206 ٹی سی ایف ذخائر موجود ہیں۔

آزمائشی منصوبوں سے حاصل ہونے والے نتائج کی بنیاد پر ملک میں شیل گیس اور شیل آئل کی تلاش اور استعمال کے لئے پالیسی ترتیب دی جائے گی۔ سید طاہر حسین مشہدی کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے ایوان کو بتایا کہ ٹیکس اور ڈیوٹیاں خزانہ ڈویژن کی جانب سے لگائی جاتی ہیں جو ملک میں جاری ترقیاتی کاموں کے لئے آمدنی کے حصول کے لئے لگائے جاتے ہیں۔