کوٹلی حلقے میں اضافہ نہ کیا گیا تو انتخاب نہیں انقلاب ہو گا ‘محمودالحسن چوہدری

جمعہ 4 مارچ 2016 14:38

کوٹلی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر محمود الحسن چودھری نے کہا ہے کہ کوٹلی حلقے میں اضافہ نہ کیا گیا تو انتخاب نہیں انقلاب ہو گا ،کوٹلی شہر کے حلقے کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں 30سال سے اس حلقے میں آنے والے بجٹ کا حساب دیا جائے اس حلقے میں نہ سڑک ہے نہ سکول ہیں نہ ہسپتال ہیں اور نہ ہی صاف پینے کا پانی عوام کو میسر ہے تو بجٹ کون کھا گیا ،جماعت اسلامی اس کا حساب لے گی ،ان خیالات کااظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ کوٹلی شہر کی بد حالی اس بات کا ثبوت ہے یہاں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا انہوں نے کہا کہ کچھ موسمی لیڈر ملک سے باہر بھجوانے کے جھانسے دے کر غریبوں کو لوٹتے رہے اور کچھ دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کا جھانسہ دے کر لوگوں کو لوٹتے رہے ان کا یوم حساب آچکا ہے انہوں نے کہا کہ کوٹلی شہر کا حلقہ آبادی اور رقبے کے لحاظ سے آزاد کشمیر کا سب سے بڑا حلقہ ہے راج محل کو الگ حلقہ بنایا جائے تا کہ عوام کی محرومیوں کو دور کیا جا سکے ۔