سمگلنگ ناسور ہے جو ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے ‘ ناصر حمید خاں

جمعہ 4 مارچ 2016 14:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء)ممبرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے کہا ہے کہ سمگلنگ ناسور ہے جو ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے10فوکل پرسن کی تعیناتی سے سمگلنگ کنٹرول ہوگی اور ملک میں تیار ہونے والی اشیاء کے استعمال سے مقامی صنعت ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگی۔

(جاری ہے)

ناصر حمید نے کہا کہ حکومت سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کے لیے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ درآمدات پر ٹیکسوں اور کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جائے کیونکہ ٹیکسوں ارو کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ سے غیرملکی اشیاء کی سمگلنگ بڑھ رہی ہے درآمدی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، سمگل شدہ اشیاء کی قیمتیں کم ہونے سے ان کی اوپن مارکیٹ میں ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے جس کے باعث جائز طریقے سے کسٹم ڈیوٹی ادا کرکے اشیاء درآمد کرنے والے تاجر متاثر ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ غیر ملکی اشیاء کی سمگلنگ روکنے کیلئے کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جائے تاکہ تاجر برادری جائز طریقہ سے ڈیوٹی ادا کرکے اشیاء درآمد کرسکیں اور حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ ہوسکے۔