کوئی بھی معاشرہ یا ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک خواتین کو مکمل حقوق فراہم نہ کیے جائیں، محمد سلیم اللہ خان جتوئی

جمعہ 4 مارچ 2016 12:57

رحیم یار خان۔4 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مارچ۔2016ء )ضلعی حکومت رحیم یار خان کی ہدایت پر صنعت زار سوشل ویلفیئر میں خواتین کے عالمی دن کے حوالہ سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ڈسٹرکٹ بار محمد سلیم اللہ خان جتوئی نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے حقوق کا تعین کر دیا ہے اسلام واحد مذہب ہے جس میں خواتین کو تحفظ اور حقوق فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے کوئی بھی معاشرہ یا ملک اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک خواتین کو مکمل حقوق فراہم نہ کیے جائیں۔

انہوں نے شرکاء کو حکومت پنجاب کی طرف سے ویمن پروٹیکشن بل2016ء کے اہم نکات بارے تفصیلی آگاہ کیا۔عذرا قادر ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں ملازمت پیشہ خواتین کے بنیادی قانونی حقوق بارے تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو دوران ملازمت کسی طرح سے بھی ہراساں کرنے پر حکومت کی جانب سے سخت سزائیں تجاویز کی گئی ہیں لہذا ملازمت پیشہ خواتین، طالبات کسی صورت بھی اپنے تحفظ کے لئے لاگو قوانین سے غافل نہ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے قانون میں شامل دفعات اور خاتون محتسب کی جانب سے جاری کردہ خواتین تحفظ قوانین بارے آگہی فراہم کی۔شفقت طاہرہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام نے ماں، بیوی، بہن اور بیٹی کے حقوق کا تعین کر دیا ہے اور ہم سب اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے خواتین کا احترام یقینی بنائیں۔تسنیم فضلی نے خواتین کے حقوق و ترقی کے بارے میں خاندان اور تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔