لاہور ہائیکورٹ ،وزیر اعلیٰ کے بیرون ممالک دوروں کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار

جمعہ 4 مارچ 2016 12:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی وزیر اعلی شہباز شریف کے بیرونی دوروں کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قراردیدی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے میاں محمود الرشید کی متفرق درخواست پر سماعت کی تو درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے یہ اعتراض اٹھایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بلاجواز غیر ملکی دورے کئے ہیں ، درخواست گزار کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ان بیرونی دوروں سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ آئین کے تحت آڈیٹر جنرل بیلک اکاوٴنٹس کمیٹی میں بیرونی دوروں کی تفصیلات پیش کرنے کے پابند ہیں لیکن آڈیٹر جنرل نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے دوروں کی تفصیلات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں پیش کریں۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو تصدیق شدہ دستاویزات ساتھ لگانے کی ہدایت دیتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔