لاہوریوں کیلئے جدید ٹیکسی سروس، چار دن مفت سفرکریں

جمعہ 4 مارچ 2016 12:31

لاہوریوں کیلئے جدید ٹیکسی سروس، چار دن مفت سفرکریں

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مارچ۔2016ء) زندہ دالان لاہور کے لئے امریکی ٹیکسی کمپنی ’اوبر‘ نے ایک انوکھی اور منفرد پیشکش متعارف کرائی ہے۔وہ جمعرات سے اتوار تک یعنی پورے چار دن ٹیکسی میں مفت سفر کرسکیں گے۔یہ پیشکش دنیا کے68ملکوں میں کامیابی سے آپریٹ کرنے والی انٹرنیٹ اور موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’اوبر‘ نے پاکستان میں آغاز کے موقع پر کی ہے تاکہ سروس کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جا سکے۔

پاکستان میں اوبر ٹیکسی سروس کو’ اوبر گو‘ کا نام دیا گیا ہے۔ٹیکسی سروس استعمال کرنے والے صارفین نقد رقم یا کریڈٹ کی صورت میں ادائیگی کرسکیں گے۔اوبرمشرق وسطیٰ،پاکستان اورافریقہ کے ترجمان شادن عبداللطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”لاہورمیں’ اوبر سروس‘ استعمال کرنے والوں کو کرایہ نقد رقم کی شکل میں بھی ادا کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

لاہور اس اعتبار سے پہلا شہر ہے جہاں نقد رقم کی ادائیگی پر سروس دستیاب ہے۔“عبدالطیف کا کہنا ہے کہ نقد کرائے کی ادائیگی کا ایک سبب یہ بھی ہے کہ لاہورمیں اسمارٹ فون کا استعمال تو بہت زیادہ ہے لیکن کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کا رجحان بہت کم ہے۔مقامی افراد کے اسی رجحان کومدنظر رکھ کر ہی نقد ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے