عالمی برادری کشمیر کی سنگین صورتحال نوٹس لے‘ میر واعظ عمر فاروق

جمعہ 4 مارچ 2016 12:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مارچ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”ع“ گروپ کے چیئرمین میر واعظ مولوی محمد عمر فاروق نے عالمی برادری اقوام متحدہ کی کونسل برائے حقوق انسانی‘ حقوق بشر کے عالمی اداروں اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ذمہ داروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر کی سنگین صورتحال خصوصاً جموں کشمیر میں جس طرح جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر فسطائی طرز پر حقوق انسانی کی پامالیاں انجام دی جا رہی ہیں ان کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

حریت صدر دفتر پہ حریت کانفرنس کی ایگزیکٹیو کونسل‘ جنرل کونسل اور ورکنگ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس اور حریت کانفرنس کے شعبہ حقوق انسانی کی جانب سے کشمیر میں اطفال پر ہو رہی ناانصافیوں اور تشدد کے واقعات پر مبنی دستاویزی فلم کی نمائش کے موقعہ پر ذارئع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران میر واعظ نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے متذکرہ فلم کو 2 مارچ کو ایک مقامی ہوٹل میں ریلیز کرنے پر پانبدی عائد کئے جانے کی کارروائی کو آمرانہ طرز سیاست‘ غیر جمہوری اور اظہار رائے کی آزادی پر طاقت کے بل پر قدغن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کو عملاً ایک پولیس سٹیٹ میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور حریت پسند قیادت کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغنوں اور پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ اس فلم کی پوری دنیا میں تشہیر کے ساتھ ساتھ حریت کانفرنس اس فلم کی جنیوا میں‘ اقوام متحدہ کی کونسل برائے حقوق انسانی کے 31 ویں سیشن کے دوران بھی سکریننگ کی جائے گی اور عالمی برادری کو جموں کشمیر کے متنازعہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے بچوں پر مرتب ہو رہے مضر اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری جموں کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے کترا رہی ہے۔

بچوں کے حوالے سے جو انٹرنیشنل قوانین موجود ہیں اس ضمن میں بھی عالمی برادری کی بے اعتنائی افسوسناک ہے۔ یہاں کے کمسن بچے کئی طرح کے مسائل اور مشکلات سے دو چار ہیں اور جسمانی اور ذہنی سطح پر متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ان کا تعلیمی مستقبل بھی مخدوش بنا ہوا ہے۔ ہمارا یہ واضح موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جس کا بھارت اور پاکستان اور کشمیری قیادت کو مل بیٹھ کر کوئی مصفانہ حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :