منور تالپور، اعجاز جکھرانی اور رفیق جمالی کی بجلی کے نرخوں میں 4روپے گیارہ پیسے فی یونٹ کمی کو کے الیکٹرک پر لاگو نہ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت

جمعرات 3 مارچ 2016 22:22

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور علی تالپور، اعجاز حسین جکھرانی اور سردار رفیق احمد جمالی نے نیپرا کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں 4روپے گیارہ پیسے فی یونٹ کمی کو کے الیکٹرک پر لاگو نہ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیپرا کراچی کے عوام کے ساتھ مسلسل متعصبانہ رویہ اپنائے ہوئے ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کئے گئے بیان میں پی پی پی کے منتخب اراکین قومی اسمبلی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ بالخصوص کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی اولاد جیسا سلوک کیا ہے۔ نیپرا نے گزشتہ ایک سال میں متعدد مرتبہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی لیکن اس کا اطلاق کراچی کے علاوہ پورے ملک میں کیا گیاجو کراچی کی عوام کے ساتھ سراسر نہ انصافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوال کیا کہ کیا وفاقی حکومت نے ٹیکسوں کے حوالے سے کبھی ایسا کوئی حکم صادر کیا کہ ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس اور ریونیو دینے والے کراچی کے عوام فلاں شے پر ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خوردونوش بالخصوص گھی،چینی، تیل ، دالیں اور دودھ کی قیمتوں میں تیز رفتاری سے ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے اور اس پر وفاقی حکومت نے چپ ساد ھ رکھی ہے۔

جس سے پہلے سے مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان عوام کی کمر ٹوٹ جائیگی جوانتہائی تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی بین الاقوامی قیمتوں میں حالیہ کمی کا فائدہ بھی عوام کو پوری طرح نہیں دیا گیا اور صرف چند روپے کم کر کے عوام کو لولی پاپ دے دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کی جائے اوربجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق پورے ملک پر یکساں طور پر کیا جانا چاہئے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کا فوری سدباب کیا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اشیا ء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :