نئی تجارتی پالیسی کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائیگا ٗوزیر تجارت خرم دستگیر

پالیسی برآمدات میں اضافے کیلئے مراعات پرمشتمل ہوگی ٗسینٹ میں وقفہ سوالات

جمعرات 3 مارچ 2016 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ نئی تجارتی پالیسی کا اعلان آئندہ چند روز میں کیاجائے گا ۔وقفہ سوالات کے دوران وزیرتجارت خرم دستگیر نے ایوان کو بتایاکہ یہ پالیسی برآمدات میں اضافے کیلئے مراعات پرمشتمل ہوگی۔انہوں نے کہاکہ یوریشین اقتصادی یونین کے ساتھ آزادانہ تجارت کے معاہدے کیلئے مذاکرات کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کو یونین کی منڈیوں تک مسابقتی رسائی حاصل ہوسکے۔

ایک ضمنی سوال کے جواب میں خرم دستگیر نے یقین ظاہر کیاکہ پاکستان اور روس کے درمیان دیرینہ تنازعات کے حل کے بعد ان کی باہمی تجارت میں اضافہ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جی ایس پی پلس کے نتیجے میں یورپی یونین کیلئے پاکستان کی برآمدات میں ایک سال میں ایک ارب بتیس کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کے نفاذ کے بعد چین کیلئے پاکستان کی برآمدات ساڑھے تین گنا بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان چین کے ساتھ مل کر پاکستانی تاجروں کیلئے ویزوں کے اجراء کا عمل آسان بنانے پر کام کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تجارتی توازن کی بہتری چینی کے ساتھ دوسرے آزادانہ تجارتی معاہدے پر غور کیاجارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :