تاجروں نے چونگی ٹیکس کی متوقع بحالی کی مخالفت کردی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 3 مارچ 2016 20:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 03 مارچ۔2015ء )مرکزی صدر کلاتھ بورڈ اتحاد گروپ نصیر یوسف وہرہ ‘جنرل سیکرٹری حاجی شیخ طلعت سلیم ‘ چیئرمین ڈاکٹر محمودیوسف ‘ وائس چیئرمین ملک وسیم احمد ‘ سینئر نائب صدر اقبال انجم بٹ ‘منیر احمدنورانی صدر مرکزی میلاد کمیٹی و دیگر نے پنجاب میں چونگی نظام کی متوقع بحالی کو ’’جگا ’’ٹیکس قر اردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران چونگی ٹیکس کے نام پر سالانہ 60ارب روپے وصول کر یں گے جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کے ساتھ ظلم ہے‘حکمران اپنی لوٹ مار ختم کر نے کی بجائے عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنے کی پا لیسی پر گامز ن ہے۔

انہوں نے کہا کہ محصول چونگیوں اور ضلع ٹیکس کی بحالی کیلئے تاجروں کو تحفظات ہیں حکومت ان کے تحفظات دور کرے پہلے ہی تاجر برادری درجنوں ٹیکسوں کے ملبے تلے دبی ہوئی ہے محصول چونگی اور ضلع ٹیکس کی صورت میں ایک نیا ٹیکس لاگو کیا جارہا ہے جو کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد ختم کرایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں کے باعث پاکستانی معیشت روز بروز تنزلی کی طرف جارہی ہے اس طرح کے اقدامات سے عوام میں حکومت کیخلاف نفرت بڑھے گی اور خصوصاً چھوٹی انڈسٹری سے وابستہ لوگ بری طرح متاثر ہونگے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات کرنے سے قبل شہریوں اور تاجروں کو اعتماد میں لیا جائے ۔

حکمران پہلے ہی عوام کو دونوں ہاتھوں سے مختلف ٹیکسز کی آڑ میں لوٹ رہے ہیں ان حالات میں اب چونگی نظام کی بحالی حکومت کا عوام دشمن اقدامات ہوگا ۔