کراچی، حج کوٹے کو 2005-06 کی حج پالیسی کی بنیاد پر مساوی طور پر تقسیم کیا جائے، الحاج سعید صابری

جمعرات 3 مارچ 2016 18:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) ہم وفاقی وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان سے پُر زورمطالبہ کر تے ہیں کہ وہ حج آپریشن میں بہتری لانے اور حج پیکج کو سستا کرنے کیلئے سرکاری اسکیم کا حج کوٹہ کم کرے ۔ حکومت نئی اور پرانی کمپنیوں کا فرق ختم کرکے حج کوٹے کو سن 2005-2006 کی حج پالیسی کی بنیاد پر مساوی طور پر تقسیم کرے ۔ساتھ ہی ہم یہ بھی باور کرانا چاہتے ہیں کہ سابقہ کوٹہ زدہ حج کمپنیوں کا وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان کی سرکاری ویب سائیٹ پر دیئے گئے 14 نکات کے نکتہ نمبر4 کے تحت حج کوٹہ سن2015 میں ختم ہو چکا ہے اور آج جبکہ سن 2016 کی حج پالیسی تشکیل کے آخری مراحل سے گزر رہی ہے ،نئی اور پرانی حج کمپنیاں ایک ہی مقام پرآ کھڑی ہیں ۔

میرے عزیز بھائیوں ! آپ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ سعودی حکومت پوری دنیا میں حج آپریشن کو پرائیوٹائز کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا حکومتِ پاکستان کو چاہیے کہ حج 2016 سے بتدریج اس پر عمل شروع کردے تاکہ ایک اچھی مثال قائم ہو سکے ۔ وزارت مذہبی امور پرائیویٹ حج کو سستا اور معیاری کرنے کی بات تو کرتی ہے لیکن اپنے دیئے گئے "حج پیکج سروے فارم ـ"کے برخلاف اُن کمپنیوں کو حج کوٹہ الاٹ کرنے کی یقین دہانی کرانے کو تیار نہیں ، جن کمپنیوں نے وزارت کی خواہش پر لبیک کہتے ہوئے سستے اور معیاری حج پیکجز وزارت میں جمع کرائے ہیں۔

ہم یہاں موجود اپنے معزز بھائیوں کے ذریعے ! وزیراعظم اسلامی جمہوریہءِ پاکستان میاں محمد نواز شریف ،چیف جسٹس آف پاکستان ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، سینٹ وقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے معزز ممبران کی توجہ موجودہ گھمبیراور تشویشناک صورتحال کی طرف مبذول کراتے ہوئے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ 1 ۔وزارت کے حج پیکج سروے فارم کو ٹھکرانے والی2 ۔

وزارت کو اپنی انگلیوں پر نچانے کی کوشش کر نے والی 3 ۔وزارت کی رِٹ کو تسلیم نہ کرنے والی، 4 ۔سروس پروائیڈر ایگریمنٹ (S.P.A) کی دھجیاں اُڑانے والی،5 ۔حج فارم کی فروخت میں ملوث ہونے والی ،6 ۔مہنگے حج پیکجز کے ذریعے نام نہاد سہولیات کا جھانسہ دیکر بھاری رقم کے حصول کی خاطر لوٹ مار کرنے والی پرانی حج کمپنیوں کے خلاف سپریم کورٹ کے جج کی نگرانی میں ایک جوڈیشل کمیشن فوری تحقیقات کیلئے تشکیل دیا جائے ۔

ہم انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں گزشتہ12 سال سے آج تک دانستہ طور پر حج کوٹے سے محروم رکھا گیا ہے اور سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھو ں سے لوٹنے والی کمپنیوں کو حج کا کوٹہ دیا جاتا رہا ہے ۔ہم ارباب حل وعقدسے مطالبہ کرتے ہیں کہ سن 2016کی حج پالیسی کو تشکیل دیتے وقت ایکشن کمیٹی متاثرین حج کوٹہ ویلفئیرایسوسی ایشن پاکستان کے چاروں صوبوں کے نمائندگان کوبھی مشاورت میں شامل کیا جائے۔

ہم مزید مطالبہ کر تے ہیں کہ وزارت مذہبی امور نئی انرولڈکمپنیوں کو ایک ہفتے کے اندر اندر حج کوٹہ الاٹ کرنے کی یقین دہانی کرائے ورنہ بصورت دیگر ہم 2200 نئی انرولڈ کمپنیاں صوبائی اور وفاقی سطح پرپُر زور احتجاج کریں گے اورانصاف کے حصول کیلئے ہر دروازہ کھٹ کھٹائینگے اورساتھ ہی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وفاقی وزارت مذہبی اموراسلام آباد کے دفتر کے سامنے دھرنا دیں گے۔ جاری کردہ میڈیا کوآرڈینٹر ایکشن کمیٹی

متعلقہ عنوان :