گزشتہ 15سالوں سے محکمہ تعلیم تجربہ گاہ بنا ہوا ہے، محکمہ مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا‘ پنجاب ٹیچرز یونین

جمعرات 3 مارچ 2016 14:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء پنجاب ٹیچرز یونین کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15سالوں سے محکمہ تعلیم تجربہ گاہ بنا ہوا ہے، محکمہ مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا،معاشی حالات بہتر بنانے کے لئے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا اعلان جلد از جلد کیا جائے ورنہ اساتذہ پنجاب احتجا ج پر مجبور ہونگے۔پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر سید سجاد اکبر کاظمی، رانا لیاقت علی، جام صادق، چوہدری محمد سرفراز، رانا انوار،راناالطاف حسین، ساجد محمود چشتی، عبدالقیوم راہی ، سعید نامدار، اسلم گھمن، افضل کیانی، رحمت اللہ قریشی، شیخ اختر، عبد الطارق نیازی،رانا طارق، راؤ عابد، راؤ شمشاد، نجم النساء، صفدر کالرو، ،یونس حسن، منیر انجم ، امتیاز طاہر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ 15سالوں سے محکمہ تعلیم تجربہ گاہ بنا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مزید تجربات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کا قیام اور تعلیمی اداروں کی پیف کو حوالگی ماضی کے تجربات کی طرح ناکام ثابت ہونگے۔ حکومت واضح کرے کہ کن اہداف کے حصول کے لئے ایجوکیشن اتھارٹی بنائی جا رہی ہے جو کہ اب تک پورنے نہیں ہوسکے۔ نئے تجربات کرنے سے پہلے حکومت موجودہ نظام میں خامیوں کی نشاندہی کرے اور ان لوگوں کو قرار واقعی سزا دے جن لوگوں نے موجودہ نظام تخلیق کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہر ناکامی کا ذمہ دار اساتذہ کو ٹہرا یا جاتا ہے اور اساتذہ کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ میں پیدا شدہ اضطراب و بے چینی کے خاتمہ کے لئے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے اور اساتذہ کو جائز مقام دے۔ معاشی حالات بہتر بنانے کے لئے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا اعلان جلد از جلد کیا جائے ورنہ اساتذہ پنجاب احتجا ج پر مجبور ہونگے۔

متعلقہ عنوان :