شہریوں کو سیل پوائنٹ پر گاڑیوں کی رجسٹریشن کی فراہمی کیلئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن،پی آئی ٹی پی اور نیشنل بینک کے درمیان معاہدے پر دستخط

بدھ 2 مارچ 2016 22:42

لاہور۔2 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء )ٹرانسپورٹ سہولت پروگرام کے تحت گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خریداروں کو وہیکلز کی رجسٹریشن سیل پوائنٹس پرفراہم کرنے کے لئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ،نیشنل بینک آف پاکستان اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کے درمیان معاہدے پر ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط ہوئے۔

اس معاہدے کے تحت خریداروں کو دفتروں کے چکر لگانے کی بجائے ڈیلروں سے ہی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹس دستیاب ہوں گی۔حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے عوام کی زندگی میں ریلیف لا رہی ہے تاکہ ان کے مسائل بروقت حل ہوں اور سروس ڈیلیوری کا معیار بھی بہتر ہو۔یہ بات صوبائی سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈاکٹر احمد بلال نے ٹرانسپورٹ سہولت پروگرام کے اجراء کی تقریب میں کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈڈاکٹر عمر سیف ،انچارج سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی اور نیشنل بینک کے ہیڈ فرقان بھی موجود تھے۔تقریب میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،نیشنل بینک اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے درمیان ڈیلر وہیکلز سسٹم کے اجراء کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔سیکرٹری ایکسائز نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ ٹرانسپورٹ سہولت پروگرام کا ایک حصہ ہے تاکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے نظام کو جدید بنایا جا سکے۔

جس کے تحت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میں رجسٹرڈ ڈیلرز کسی بھی وہیکلز خریدار کو موقع پر لائسنس پلیٹ جاری کر سکیں گے اور وہیکلز ٹیکس کی رقوم براہ راست ڈیلرز حضرات کے ذریعے نیشنل بینک میں محکمہ ایکسائز کے اکاونٹ میں منتقل ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس نظام سے رجسٹرڈ وہیکلز روڈز پر رواں دواں نظر آئیں گی اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ڈیلررہیکلز رجسٹریشن سسٹم کو پہلے لاہور میں رائج کیا جائے گا۔بعدازاں پنجاب کے دیگر 35 اضلاع میں بھی رائج کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے تحت گاڑیوں کی چوری اور دیگر مسائل سے بچا جا سکے گا۔