شیشہ کیفوں کا وجود اور تمباکو نوشی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، ڈی سی ایبٹ آباد

بدھ 2 مارچ 2016 22:40

ایبٹ آباد۔ 2 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عمارہ عامر خٹک نے کہا ہے کہ ضلع میں شیشہ کیفوں کا وجود اور تمباکو نوشی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر آفس کو تمباکو فری بنایا جائے، تمام سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ روابط اور اقدامات کے ذریعہ انسداد تمباکو کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

وہ بدھ کو ڈسٹرکٹ ٹوبیکو کنٹرول سیل کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ٹوبیکو کنٹرول سیل اسد خان جدون انجام دے رہے تھے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قاسم، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ڈاکٹر منہاج الحق، انسپکٹر پولیس خورشید تنولی، اے ڈی او تعلیم وسیم فضل، پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے راجہ قدیر اقبال، متحدہ ٹرانسپورٹ یونین کے صدر قاضی فاروق، چائلڈ رائٹس کے ادریس اعوان ایڈووکیٹ، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

عمارہ خٹک نے کہا کہ اس مقصد کیلئے دو ماہ کے اہداف کی نشاندہی کر کے مربوط نظام کار وضع کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور لوکل گورنمنٹ کی نمائندگی آئندہ پروگرام میں ممکن بنانے کی ہدایات بھی کیں۔ انہوں نے تمام دفاتر اور مسافر گاڑیوں میں انتباہی سٹکر اور پوسٹر آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ آگاہی پروگرامات منعقد کرنے اور تمباکو شکایت سیل قائم کرنے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کے احکامات دیتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو ضلع میں ٹوبیکو کنٹرول کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر اسد خان نے بتایا کہ 20 شیشہ کیفوں کی بندش کے دوران عدالت سے تین مقدمات میں کامیابی ادارہ کے کریڈٹ پر ہے جبکہ مختلف سرکاری و نجی اداروں کے ہمراہ 50 سے زائد آگاہی ورکشاپ، متعدد سیمینارز اور واک کا انعقاد بھی سیل کی کارکردگی میں شامل ہے۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے سامنے آنے والی آراء کی روشنی میں طے کیا گیا کہ سرکاری و نجی سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں، لوکل گورنمنٹ، ٹرانسپورٹرز، پولیس اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ آگاہی پروگرامات کا انعقاد ممکن بنایا جائے گا۔

شرکاء نے آگاہی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی تجاویز دیں اور طے پایا کہ تمام پروگرامات میں میڈیا کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :