قومی ٹرانسپورٹ پالیسی تیار کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح کم، قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے،سینیئر ایڈوائزر وفاقی محتسب کی وزرات مواصلات کو ہدایت

بدھ 2 مارچ 2016 22:39

اسلام آباد ۔ 2 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء) وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور کمشنر برائے تارکین وطن پاکستانیز حافظ احسان احمد کھو کھر نے وزارت مواصلات کو پہلی قومی ٹرانسپورٹ پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرکے دو ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی ہے وہ بدھ کو وزارت مواصلات کے متعلق ایک اعلی ٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں وزارت مواصلات کے اعلی ٰ افسران اور ٹرانسپورٹ ماہرین نے شرکت کی ۔

اجلاس کے دوران حافظ احسان احمد کھو کھر نے وزارت مواصلات کی جانب سے ٹرانسپورٹ کی بہتری کے بارے میں غیر سنجیدہ رویے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد قومی ٹرانسپورٹ پالیسی تیار کرنے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ سڑکوں پر حادثات کی شرح میں کمی لاتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے، انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں موٹر ویز اور قومی شاہراؤں پررواں گاڑیوں پر توجہ دے کر ان کی حالت زارکی بہتری کے لئے تجاویز ملک بھر کے ٹول پلازوں پر نمایاں انداز میں آویزاں کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے موٹر ویز پولیس کو بھی ہدایت کی کہ سالانہ قومی روڈ سیفٹی پلان تیس روز کے اندر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کوپیش کی جائے ۔حافظ احسان احمد کھو کھر نے تجویز دی کہ بڑی گاڑیوں کے ڈرائیوروں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے انہیں مختصر دورانیے کے کورسز کرائے جائیں ‘اس ضمن میں میڈیا بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرے۔سڑ کوں پر چلنے والی غیر رجسٹرڈ شدہ گاڑیوں کے خلا ف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے اور ایسی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ٹرانسپورٹ ایکسپرٹ ڈاکٹر عمر گل نے بتایا کہ ملک میں ٹرانسپورٹ پالیسی متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے ۔