دنیا میں زندہ قومیں ہی اپنے قومی دن مناتی ہیں، بلوچ قوم ایک زندہ اور باوقار قوم ہے،میر خالد خان لانگو

2 مارچ کو ہر سال بلوچ کلچر ڈے منایا جائے گا،مشیر خزانہ

بدھ 2 مارچ 2016 22:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مارچ۔2016ء) مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو نے کہا ہے کہ دنیا میں زندہ قومیں ہی اپنے قومی دن مناتی ہیں بلوچ قوم ایک زندہ اور باوقار قوم ہے 2 مارچ کو ہر سال بلوچ کلچر ڈے منایا جائے گابلوچ قوم کو پیغام دیتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے بلوچی اکیڈمی میں منعقدہ اسٹال کا معائنہ اور ایم پی اے ہاسٹل جاکر نیشنل پارٹی خواتین ونگ کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی مشیر خزانہ میر خالد خان لانگو نے بلوچی اکیڈمی میں منعقدہ تقریب کیلئے 20 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا انہوں نے کہا کہ ہمیشہ وہ قومیں دنیا میں زندہ رہتی ہیں جو اپنے زبان ‘ ثقافت اور کلچر کو زندہ رکھتی ہیں بلوچ قوم بھی دنیا میں مہذب اور باوقار قوم ہے اور ثقافت کا دن منانے کیساتھ ساتھ اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں جب کوئی قوم تعلیم یافتہ ہوگی تو وہ اپنی ثقافت کو بھی زندہ رکھے گی انہوں نے کہاکہ بلوچ قوم ہزاروں سال پرانی تاریخ و ثقافت ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمیں بہت خوشی ہوئی کہ بلوچ قوم پوری دنیا میں اپنی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ہر سال 2 مارچ کو بلوچ کلچر ڈے مناتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بلوچ قوم کے بہت تاریخی ورثے موجود ہیں بلوچستان حکومت نے تعلیمی نصاب میں مادری زبانوں کے مضامین بھی شامل کئے تاکہ ہماری آنیوالی نسلیں پرائمری تعلیم حاصل کرنے تک مادری زبانوں میں ہی تعلیم حاصل کرسکیں بعدازاں مشیر خزانہ میر خالدخان لانگو نے ایم پی اے ہاسٹل میں نیشنل پارٹی خواتین ونگ کی جانب سے منعقدہ بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی اس موقع پرنیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالخالق بلوچ ‘ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹرشمع اسحاق سمیت دیگر پارٹی رہنماء بھی موجود تھے مشیر خزانہ میر خالدخان لانگو نے بھی بلوچ کلچر ڈے کے حوالے سے بلوچی پوشاک دستار زیب تن کیا ہواتھا ۔

متعلقہ عنوان :