لائیوسٹاک سیکٹر کے پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مزید نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہونگے،لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کیلئے دیہی آبادی کی مہارت میں اضافے کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے،اس سیکٹر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر سماجی و معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

بدھ 2 مارچ 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے اور اس سیکٹر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر سماجی و معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں،لہٰذا لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے کے فروغ کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات کرکے اس پر عملدرآمد کرنا ہوگا تاکہ اس شعبے کے پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے اور دیہی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی میں اضافہ ہو سکے۔

وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کے حوالے سے مختلف اقدامات اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی بڑی دیہی آبادی کا لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبے سے روزگار وابستہ ہے اور اس ضمن میں دیہی آبادی کوجدید تربیت سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے تاکہ پیداوار میں مزید اضافہ ہوسکے ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ لائیوسٹاک کی پیداوار بڑھانے کیلئے دیہی آبادی کی مہارت میں اضافے کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے اور نتائج کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک سیکٹر کو معیشت کی مضبوطی میں مرکزی حیثیت حاصل ہے لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے اہداف کا تعین کرکے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ صوبے میں لائیوسٹاک کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، تاہم پنجاب میں اس شعبے کے بے پناہ پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مزید نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے، خصوصاً بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیکٹر کا حصہ بڑھانے کیلئے فعال اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا ، جن سے دیہی آبادی کی سماجی و معاشی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا اور برآمدات بڑھیں گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ لائیوسٹاک جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے حوالے سے جانوروں کی مفت ویکسینیشن کے پروگرام پر مسلسل عملدرآمد جاری رکھا جائے اور اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت ہرممکن وسائل فراہم کر رہی ہے۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ، ڈاکٹر فرخ جاوید، ملک ندیم کامران، حمیدہ وحیدالدین، معاون خصوصی ارشد جٹ، سینیٹر سعود مجید، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹری صاحبان اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :