Live Updates

پاکستان امن، خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے،آج کا پاکستان کل سے بہتر ہے اورکل کا پاکستان آج سے بہتر ہوگا،وزیراعظم کی قیادت میں ملک درست سمت بڑھ رہا ہے، ٹھوس پالیسیوں کے باعث معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے

ملک کی ترقی کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو

بدھ 2 مارچ 2016 21:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اڑھائی برس کے دوران پاکستان امن، خوشحالی اور روشنیوں کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے اور آج کا پاکستان کل سے بہتر ہے اورکل کا پاکستان آج سے بہتر ہوگا۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں اورعام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے پروگرام شروع کر رکھے ہیں۔

مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والے عام آدمی کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے بدھ کویہاں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور2017 تک توانائی کے متعدد منصوبے بجلی پیدا کر رہے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس پالیسیوں کے باعث ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اورسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک درست سمت بڑھ رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول موجود ہے۔ وزیراعلیٰ نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ملاقا ت کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی سردار منصب علی ڈوگر، محسن شاہنواز رانجھا، اراکین صوبائی اسمبلی ، شیخ علاؤالدین ،نعیم بھابھہ اورماجد نوازشامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اﷲ بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات