خادم اعلیٰ نے دوسرے منصوبوں کے اربوں روپے میٹروبس پر خرچ کر کے عوام کے حقوق غصب کئے،ڈاکٹر محمد امجد

بدھ 2 مارچ 2016 20:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء)آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجدنے کہا ہے کہ چھوٹے میاں صاحب بھی شرارتی نکلے، بھولی بھالی شکل و صورت والے خادم اعلیٰ نے دوسرے منصوبوں کے اربوں روپے میٹروبس پر خرچ کر کے عوام کے حقوق غصب کئے، راولپنڈی میٹروبس منصوبہ میں بڑے گھپلوں کی خبریں ہیں،حکمرا ن ڈھٹائی کی بجائے عقل و دانش سے فیصلے کریں،کڑا احتساب وقت کی ضرورت بن چکا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی شعبہ اطلاعات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ نے پنجاب بھر کے پانی،بجلی اور غربت کے خاتمے جیسے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے 31ارب روپے کے فنڈز لاہور میٹروبس کی نذر کرکے عوام سے ان کے بنیادی حقوق چھینے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ میاں برادران عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے قوم کا پیسہ صرف نمائشی منصوبوں پر کیوں ضائع کررہے ہیں۔

راولپنڈی میٹروبس منصوبے میں بھی بڑے بڑے گھپلوں کی خبریں ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکمران عوام کے لئے ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پرپیسہ بنا رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ میاں نواز شریف نیب پر گرجے برسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کڑا احتساب وقت کی ضرورت ہے ورنہ حکمران ٹولہ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر قومی خزانہ ہڑپ کر لے گا ۔