نیب کا ڈاکٹر عاصم حسین کیخلاف قومی خزانے کو 17 ارب روپے سے زائد نقصان پہنچانے کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

ڈاکٹر عاصم حسین نے اوجی ڈی سی ایل، ایس ایس جی سی میں گیس کے ٹھیکے دئیے ٗ نیب کا اعلامیہ

بدھ 2 مارچ 2016 20:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) نیب نے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف ایل پی جی اور ایل این جی زیادہ نرخ پر حاصل کرکے قومی خزانے کو 17 ارب روپے سے زائد نقصان پہنچانے کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں اسلام آباد میں چیرمین نیب چوہدری قمرزمان کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کے خلاف ایل پی جی اور این جی ایل کا کوٹہ غیر قانونی طور پر دینے پر ایک اور ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔

نیب کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈاکٹر عاصم حسین نے اوجی ڈی سی ایل، ایس ایس جی سی میں گیس کے ٹھیکے دیے جب کہ ان پر ایل پی جی اور ایل این جی انتہائی زیادہ نرخ پر حاصل کرکے قومی خزانے کو 17 ارب 33 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام بھی ہے۔نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ ایکزیکٹو بورڈ نے قائم مقام وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ڈاکٹرسہیل شہزاد کے خلاف انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا ٗ اعظم خان ہوتی اور ان کی اہلیہ کے خلاف بھی انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔