ریحان خان کو کشمیر کی تصویری نمائش اور کتاب کی اشاعت پر آزاد کشمیر کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دیا جائے گا،سردار محمد یعقوب خان

آزاد کشمیر میں ہر سال 15 لاکھ سیاح آتے ہیں، کتاب کے بعد سیاحوں کی آمد میں اضافہ، خطے میں معاشی انقلاب آئیگا، صدر آزاد کشمیر

بدھ 2 مارچ 2016 20:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسر محمد ریحان خان کو کشمیر کی تصویری نمائش اور کتاب کی اشاعت پر آزاد کشمیر کا سب سے بڑا سول ایوارڈ دیا جائے گا۔ آزاد کشمیر میں ہر سال 15 لاکھ سیاح جاتے ہیں اس کتاب کے بعد سیاحوں میں کافی اضافہ اور خطے میں معاشی انقلاب آئے گا، سیاحت کے فروغ میں بشیر سدوزئی کا بھی بڑا کردار ہے جو 20 سال سے یہ کام کررہے ہیں۔

آزاد کشمیر کے بیوروکریٹ، ٹیکنوکریٹ سمیت سیاستدان اور سول سوسائٹی کی اکثریت کراچی کے تعلیمی اداروں کی تعلیم یافتہ ہے اور اس پر ہمیں فخر ہے کہ ہم نے کراچی میں تعلیم حاصل کی، وزیر اطلاعات عابد حسین عابد نے ریحان خان کی کتاب کو آزاد کشمیر میں سرکاری دستاویز قراردے کر سفراء اور سرکاری مہمانوں کو تحفتاً پیش کرنے کے لئے کہا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سٹی اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کے ایم سی آفیسرز کلب میں محمد ریحان خان کی کتاب ’’لینڈ اسکیپ آف کشمیر ‘‘کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات عابد حسین عابد، ممتاز کشمیری رہنما سردار نزاکت خان، محمدریحان خان، مظہر خان اور بشیر سدوزئی نے بھی خطاب کیا۔ صدر ریاست سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ جو لوگ کشمیر اور کشمیریوں کی ترقی کے لئے کام کرتے ہیں اس سے کشمیر کے شہداء کی روح خوش ہوتی ہے۔ ریحان خان نے جو کام کیا اس پر پوری کشمیری قوم خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے کراچی میں تعلیم حاصل کی اور کراچی میں ہی کاروبار کر رہا ہوں۔ کراچی کی تعلیم یافتہ قیادت نے آزاد کشمیر میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں چار سال میں پانچ یونیورسٹیاں ،تین میڈیکل کالج اوردو کیڈٹ کالج قائم کئے ہیں جہاں پاکستان کے تمام صوبوں سمیت کراچی کے نوجوانوں کا کوٹہ بھی مقرر ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر ی پرامن قوم ہے ہماری خوش قسمتی ہے کہ ریحان خان جیسے لوگ ملے ہیں جو ہماری مدد کرتے ہیں ریحان خان نے آزاد کشمیر کے ان مقامات کی منظر کشی کی ہے جو تاریخی و سیاحتی حوالے سے بہت اہم ہیں اس پر حکومت آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سمیت پوری کشمیری قوم کی جانب سے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ کتاب نہ صرف آزاد کشمیر و پاکستان بلکہ دنیا بھر کے سفارتخانوں کے ذریعے تحریک کشمیر کو دنیا بھر میں مشہور و مقبول کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس سے تحریک آزادی کشمیر کو بھی فائدہ ہوگا۔

سردار یعقوب خان نے کہا کہ ایسے اقدامات سے آزاد کشمیر میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا آج آزاد کشمیر میں 15 لاکھ سیاح آتے ہیں اس کتاب کے بعد ان میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے ریاست میں معاشی انقلاب آئے گا۔ آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات عابد حسین عابد نے کہا کہ جو کام حکومت آزاد کشمیر یا ہم نہ کرسکے وہ ریحان خان نے کیا ہے۔ ایک کراچی کے شہری نے جو کام کیا پوری کشمیری قوم ان کا شکریہ ادا کرتی ہے انہوں نے کہا کہ اس کتاب کو حکومت آزاد کشمیر سرکاری طور پر گزٹ میں شامل کرکے سرکاری دستاویز کا درجہ دے تاکہ آزاد کشمیر میں آنے والے سفراء اور بین الاقوامی وفود کو یہ کتاب تحفتاً پیش کی جاسکے۔

سردار نزاکت خان نے کہا کہ کراچی کے عوام مسئلہ کشمیر میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں کراچی تہذیب و ادب کا مرکز ہے ہم نے تعلیم و تہذیب کراچی کے اساتذہ سے سیکھی۔ محمدریحان خان نے آزاد کشمیر کی پہاڑیوں اور وادیوں سے محبت کی ہے۔ محمد ریحان خان نے کہا کہ کتاب مرتب کرنے کے لئے آزاد کشمیر کے تین دورے کئے اور ہزاروں تصویروں میں سے 124 تصویریں منتخب کی گئیں۔ سٹی اونرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین مظہر خان نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران دوسری کتاب کی تقریب رونمائی کی ہے جو کشمیر کے بارے میں ہے اس سے قبل صابر حسین صابر کی ’’سمیط سدوزئی ‘‘ اور آج ریحان خان کی کتاب کی تقریب رونمائی جس میں کراچی میں کشمیر دیکھنے کو ملتا ہے۔