کراچی، کمپیوٹر و انٹرنیٹ کے عہد میں سائنس و ٹیکنالوجی کا علم ناگزیر ضرورت ہے، پروفیسر اعجاز فاروقی

بدھ 2 مارچ 2016 20:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) کمپیوٹر و انٹرنیٹ کے عہدِ حاضر میں سائنس و ٹیکنالوجی کے علم کا حصول ناگزیر ضرورت ہے۔ پاکستان کوئز سوسائٹی کوئز مقابلوں کے ذریعے نسل نو کی صلاحیتیں نکھارنے کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ حافظ نسیم الدین کی خدمات بیش بہا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم، آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے گذشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ آدم جی سائنس کالج میں منعقدہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سائنس کوئز رننگ ٹرافی مقابلہ معلومات کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے چیئرمین PQS پروفیسر حافظ نسیم الدین، گورنمنٹ آدم جی سائنس کالج کے پرنسپل پروفیسر نسیم حیدر، پروفیسر نوشابہ انجم، پروفیسر ایاز ترمذی، سوسائٹی کے صدر فہیم احمد خان، جنرل سیکریٹری پروفیسراقبال خان، اسماء علی و دیگر نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کوئز ماسٹر کے فرائض پروفیسر حافظ نسیم الدین کے علاوہ پروفیسر ناصر اقبال اور بکر مجیب ہاشمی نے بھی انجام دیئے۔

چیئرمین PQS حافظ نسیم الدین نے کہا کہ کوئز ایسا شعبہ ہے جس میں مہارت مستقبل میں بلند مقام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوسائٹی گذشتہ کئی سال سے اپنے محدود وسائل کے باوجود طالبعلموں میں منتقلی علم کا فریضہ ادا کرنے کیلئے فروغِ علم و آگہی کی تحریک مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ اگر علم دوست افراد سوسائٹی کی معاونت کریں تو یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں نسلِ نو کو مستفیض کرسکتا ہے۔

منصفین کرام کے متفقہ فیصلے کے مطابق کامکس کالج، پی ای سی ایچ سوسائٹی، گورنمنٹ پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج، کراچی یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج فار وومن اورنگی ٹاؤن کی ٹیموں نے بالترتیب اول، دوم، سوم اور خصوصی پوزیشنیں حاصل کیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان سائنس کوئز رننگ ٹرافی ایک سال کیلئے کامکس کالج پی ای سی ایچ سوسائٹی کے حصے میں آئی۔

متعلقہ عنوان :