کراچی، ملک بھر کی طرح کر اچی میں بھی بلوچوں کا ثقافتی دن دن جوش و خروش سے منا یا گیا

بدھ 2 مارچ 2016 20:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) ملک بھر کی طرح کر اچی میں بھی بلوچوں کا ثقافتی دن دن جوش و خروش سے منا یا گیااس حوالے سے کیماڑی ،لیاری ،بابا بھٹ، شمس پیر ، ماڑی پور، ملیر ، ابراہیم حیدری ،بلوچ پاڑہ ،لیاقت آباد اور دیگر بلوچ رہائشی آبادیوں میں ثقافتی دن کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد کی گئیں جس میں اہلیان علاقہ نے بھر پور تعداد میں شرکت کی اور ان تقریبات میں بلوچ ثقافت کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

ان تقریبات میں نوجوانوں ، مرد و خواتین ،بچوں اور بزرگوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی انھوں نے ثقافتی لباس پہن رکھے تھے ۔ ان تقریبات میں بلوچ روایتی گیت گائے گئے اور نوجوانوں او ر بچوں نے بلوچی لیوا گیت پر بھر پور انداز میں ثقافتی رقص پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسب سے ان علاقوں کے مختلف اسکولوں میں بھی تقریبات منعقد ہوئیں جس میں بچوں نے ٹیبلو پیش کرکے بلوچ ثقافت کو اجاگر کیا۔

بدھ کو بلوچ ثقافتی دن کے حوالے سے لیاری کے علاقے تغلق لین سے انجمن اتحاداور انجمن فلاح بہبود برائے خواتین اور اہلیان لیاری کی جانب سے ریلی نکالی گئی جو مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت انجمن کے رہنماؤں شیر محمد بلوچ اور مراد بلوچ نے کی ،ریلی میں شامل بچوں اور نوجوانوں نے بلوچ ثقافتی گیتوں پر رقص کیا ،ریلی میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

انجمن اتحاد تغلق لین کے رہنماؤں نے میڈیا کو بتایا کہ بلوچ قوم کراچی کے قدیم رہائشی ہیں اور کراچی کی ترقی میں بلوچوں نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے آج کا دن منانے کا مقصد بلو چ ثقافت کو اجاگر کرنا ہے، بلوچوں کو ایک سازش کے تحت جرائم پیشہ عناصر سے منسلک کرکے بدنام کیا جارہا ہے بلوچ پر امن قو م ہیں ،بلوچوں نے ہمیشہ کراچی میں قیام امن کے لیے بھر پور کو شش کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہینگے۔انھوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سیکورٹی کی عدم فراہمی کے سبب سی ویو پر منعقد ہونے والے بلوچ ثقافتی پروگرام کی اجاز ت حکومت نے منسوخ کردی اسی لیے اب علاقائی سطح پر بلوچ ثقافتی پروگرام منعقد ہو رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اس پروگرام کا ویژن امن کے پیغام کو عام کرنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :