وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی ملاقات ٗافغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے اور امن کے فروغ کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف

دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ پاکستان کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گا ٗامریکی سفیر ڈیوڈ ہیل پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں اور کردار ادا کرتا رہے گا ٗچوہدری نثار علی خان

بدھ 2 مارچ 2016 20:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) امریکہ نے افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے اور امن کے فروغ کے سلسلے میں پاکستانی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ پاکستان کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گاجبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان اورامریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی باہمی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں اور کردار ادا کرتا رہے گا ۔

بدھ کو یہاں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی جس میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات ، مختلف امور میں جاری تعاون ٗپاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ ، کاؤنٹر ٹیررازم کے شعبے میں جاری دو طرفہ تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر امریکی سفیر نے افغانستان میں جاری مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے اور امن کے فروغ کے سلسلے میں پاکستانی کوششوں کو سراہااور کہاکہ حالیہ دنوں میں ہونے والے سٹریٹیجک ڈائیلاگ دو طرفہ ہمہ جہتی تعاون کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے امریکی سفیر نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں امریکہ پاکستان کی ہر ممکنہ مدد جاری رکھے گا ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دور ان وزیرداخلہ نے دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی باہمی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنی کوششیں اور کردار ادا کرتا رہے گا ۔