تحفظ خواتین بل بارے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کا احترام کرنا چاہیے،یہ بل آئین اور شریعت کے خلاف ہے ، نیب اور حکمرانوں کا کر دار سوالیہ نشان ہے، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء سینیٹر حافظ حمد اﷲ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 مارچ 2016 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء سینیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی سے پاس کئے گئے تحفظ خواتین بل کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کا احترام کرنا چاہیے، اسلامی نظریاتی کونسل نے ہدایات دی ہیں کہ بل آئین اور شریعت کے خلاف ہے، نیب اور حکمرانوں کا کر دار سوالیہ نشان ہے، نیب جس حکومت کی دم پر پاؤں رکھتا ہے اس کی چیخیں نکل جاتی ہیں، حکومتوں کی دم ہی لمبی ہے، چھپانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن چھپتی نہیں ہے۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء سینیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہا کہ کوئی بھی اسمبلی قرآن و سنت کے منافی قانون سازی نہیں کر سکتی، اسلامی نظریاتی کونسل نے پنجاب اسمبلی میں تحفظ خواتین بل کے حوالے سے ہدایات دی ہیں کہ یہ بل آئین اور شریعت کے خلاف ہے، سب کو اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کا احترام کرنا چاہیے، اسلامی نظریاتی کونسل میں تمام مکتبہ فکر سمیت ہر مسلک کے علماء کرام موجود ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، ڈیڑھ کروڑ بچے تعلیم حاصل نہیں کر رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب کا کردار بھی سوالیہ نشان ہے اور حکمرانوں کا کردار بھی سوالیہ نشان ہے، نیب نے ماضی میں سیاست دانوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی ہیں، جب بھی دم پر پاؤں آتا ہے تو چیخیں نکلتی ہیں، پہلے سندھ حکومت کی دم پر پاؤں آیا تو ان کی چیخیں پھر خیبرپختونخوا کی حکومت کی دم پر پاؤں آیا تو اس کی کی چیخیں نکلی، اب مسلم لیگ کی دم پر پاؤں آیا ہے تو چیخیں نکلی ہیں، حکمران اپنی دم چھپانا چاہتے ہیں لیکن ان کی دم ہی لمبی ہے چھپ نہیں رہی۔

متعلقہ عنوان :