12اضلاع میں پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز قائم کی جا رہی ہیں‘رانا مشہود

11کھرب کے بجٹ میں سے 4کھرب صرف تعلیم اور نوجوانوں کے امور پر خرچ کر رہے ہیں‘پلان انٹرنیشنل تنظیم کے زیراہتمام تعلیمی کانفرنس سے صوبائی وزیر تعلیم کا خطاب

بدھ 2 مارچ 2016 19:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) برطانیہ میں عالمی تعلیمی کانفرنس میں کئی ممالک نے پنجاب کا سکول مانیٹرنگ سسٹم مانگا۔61ہزار سکولوں پر مشتمل دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی نظام پنجاب میں کامیابی سے چلا رہے ہیں ،وزیراعلیٰ کے برطانیہ کے دورے کے دوران بتایاگیا کہ پنجاب میں اساتذہ کی حاضری پارک شائر سے بھی زیادہ ہے، 11کھرب کے بجٹ میں سے 4کھرب صرف تعلیم اور نوجوانوں کے امور پر خرچ کر رہے ہیں،12اضلاع میں پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز قائم کی جا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے آج یہاں مقامی ہوٹل میں تنظیم پلان انٹر نیشنل کے زیر اہتمام تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے ایم پی اے نوشین حامد ، فرح ناز ، صابر بیگ اور پلان انٹر نیشنل کے کنٹری ڈائریکٹر رشید جاودی نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پچھلے تین سالوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ٹیچرز صرف اور صرف میرٹ پر بھرتی کئے گئے۔

سکولوں کی خطرناک عمارتوں کو محفوظ بنانے یا نئی عمارتیں تعمیر کرنے کیلئے 8ارب روپے مختص کئے ہیں ۔یونیورسٹی آف لندن اور برٹش کونسل سے مل کر پنجاب میں ٹیچرز ٹریننگ کا سب سے بڑا پروگرام شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول کونسلز کی کیپسٹی بلڈنگ بہت ضروری ہے۔محکمہ تعلیم پنجاب سکول کونسلز کے ذریعے ہی سکولوں کی اڈاپشن کے پروگرام پر عمل پیرا ہے ۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ چولستان میں خانہ بدوشوں کیلئے موبائل سکول قائم کر دیئے ہیں۔جنوبی پنجاب کے اس دور افتادہ علاقے میں پیف کے زیر اہتمام پہلے ہی 75 پرائمری سکول قائم کئے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پلان انٹر نیشنل جیسے ادارے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں تو تعلیمی شعبے میں زیادہ بہتر نتائج پیدا کئے جا سکتے ہیں۔پنجاب کے کل بجٹ 11 کھرب میں سے تقریباً 4 کھرب روپے ایجوکیشن اور نوجوانوں کی ترقی کے دیگر معاملات پر صرف کئے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب جدید ڈیجیٹیل ڈیش بورڈ کے ذریعے اساتذہ اور طلباء کی حاضری کا روزانہ کی بنیاد پر ڈیٹا مانیٹر کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کو بہتر پاکستان دینا ہے جس کے لئے موجودہ حکومت تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنا کر دن رات محنت کر رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :